اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یو کے میڈیا کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب

کرکٹ ٹیم کے ممبران کو شیلڈز اور میڈلز پیش کیے گئے

جمعہ 18 جنوری 2019 19:45

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یو کے میڈیا کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی پاکستانی نثراد برطانیہ کی میڈیا کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جس میں ٹیم وفد کے سربراہ، کپتان ٹیم ممبران کو شیلڈز ومیڈلز پیش کئے گئے۔ وجاہت علی خان ٹیم کے سربراہ تھے جبکہ عبدالحق کپتان تھے۔

یو کے میڈیا کرکٹ ٹیم میں سجاد شال، رانا بابر، جی ایچ اعوان، غفران اشرف، طاہر علی، کوثر کاظمی، مبین چوہدری، عامر خان، ایم گلستان، یاسر عباس، وسیم کاظمی ، خلیل احمد، محمد عرفان، دلاور چوہدری، طاہر چوہدری، سر بلند اور شوکت ڈار شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراحمد حسن مغل نے یو کے میڈیا کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہمان کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ کرنے سے ان کو یہ معلوم ہو گیا ہے کہ پاکستان اب ایک پرامن ملک ہے جس میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ انہوںنے کہا کہ مہمان ٹیم کے اراکین برطانیہ میں پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں تا کہ عالمی کھلاڑی اعتماد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے میں ترغیب محسوس کریں۔

انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ برطانیہ کی قومی کرکٹ ٹیم کو چاہیے کہ وہ پاکستان کا دورہ کرے تا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ شروع ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے سے نہ صرف شائقین کو بہتر تفریح میسر ہو گی بلکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بھی بہتر فروغ ملے گا جس سے معیشت بہتر ترقی کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اوراس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے دورے باقاعدگی کے ساتھ کئے جائیں جس سے پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا اور عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھے گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یو کے میڈیا کرکٹ ٹیم کے سربراہ وجاہت علی خان نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد ڈیم فنڈ کو پروموٹ کرنا اور پاکستان کے کھیلوں کے مفادات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے کراچی پریس کلب اور لاہور پریس کلب کے خلاف کرکٹ میچ کھیلے اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان اب ایک پرامن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برٹس ایئرلائن نے 10سال بعد پاکستان کیلئے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں حالات کافی بہتر ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان کا پاکستان کا موجودہ دورہ برطانیہ سمیت دنیا کو ایک بہت مثبت پیغام دے گا اور پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ برطانیہ میں پاکستانی نثراد صحافی برادی پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کردار اد اکرے گی تا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سمیت بیرونی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاری اعتماد کے ساتھ پاکستان کا رخ کر سکے۔

دلاور چوہدری سمیت یوکے میڈیا کرکٹ ٹیم کے دیگر اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو بحال کرانا ان کی اہم ترجیح ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں