بجلی کی پیداوار کے شعبے میں گزشتہ ماہ کے دوران 17.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، سٹیٹ بینک

پیر 21 جنوری 2019 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) گزشتہ ماہ کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبے میں 17.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2018ء میں ملک میں تھرمل، ہائیڈل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 17.2 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں اس شعبے میں اب تک 201.9 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 2017-18ء کے ابتدائی چھ ماہ میں بجلی کے پیداواری شعبے میں 611.9 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران تھرمل کے شعبے میں 32.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

(جاری ہے)

مالی سال 2017-18ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران تھرمل کے شعبے میں 39.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر 2018ء میں پانی سے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں 11.3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گزشتہ چھ ماہ میں اس شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 105.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2017-18ء کے ابتدائی چھ ماہ میں پانی سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 48.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 63.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 524.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ موجودہ حکومت سستی بجلی کے پیداواری منصوبوں میں دلچسپی لے رہی ہے تاکہ عام لوگوں کو کم قیمت پر بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں