جنوبی کوریہ کی کمپنی لائن ٹیک انک کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں اظہار دلچسپی

کمپنی پاکستان میں ایل ای ڈیز، سولر سیل، مشین ٹولز اور ویکیوم پراڈیکٹس سمیت دیگر مصنوعات تیار کرنے کیلئے سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے،ڈاکٹر وان ہو جونگ

ہفتہ 23 فروری 2019 15:41

جنوبی کوریہ کی کمپنی لائن ٹیک انک کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں اظہار دلچسپی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) جنوبی کوریہ کی کمپنی لائن ٹیک انک کے ہیڈ برائے اوورسیز بزنس ڈویژن ڈاکٹر وان ہو جونگ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں ایل ای ڈیز، سولر سیل، مشین ٹولز اور ویکیوم پراڈیکٹس سمیت دیگر مصنوعات تیار کرنے کیلئے سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ان کی کمپنی پاکستان میں اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے کیلئے پارٹنرز کی تلاش میں ہے اور دوسرے مرحلے میں جنوبی کوریہ سے ٹیکنالوجی منتقل کر کے پاکستان میں فیکٹری لگانے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ڈاکٹر وان ہو جونگ نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں صاف پینے کے پانی اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ پاکستان کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی برازیل سے چمڑا درآمد کر رہی ہے اور وہ پاکستان سے چمڑا درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جس کیلئے اس کو پاکستان میں چمڑا ایکسپورٹ کرنے والے قابل اعتبار ایکسپورٹرز کی تلاش ہے۔ انہوںنے چیمبر سے کہا کہ وہ ان کوششوں میں ان کی کمپنی کے ساتھ تعاون کرے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ سے زائد صارفین کی ایک پرکشش مارکیٹ ہے یہی وجہ ہے کہ جنوبی کوریہ سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایل ای ڈیز، سولر سیل و سولر پینل اور ویکیوم پراڈیکٹس سمیت دیگرپراڈیکٹس کی کافی مانگ پائی جاتی ہے لہذا جنوبی کوریہ کی کمپنی لائن ٹیک انک پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے پیداواری سرگرمیاں شروع کرنے پر توجہ دے۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 9اسپیشل اکنامک زونز تعمیر کئے جائیں گے جن میں حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہی مناسب وقت ہے کہ جنوبی کوریہ کی کمپنی دلچسپی کے شعبوں میں مصنوعات تیار کرنے کیلئے پاکستان کی مارکیٹ میں داخل ہو۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر جنوبی کوریہ کی کمپنی کو پاکستان میں مستند پارٹنرز تلاش کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں