حکومت ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرے، احمد حسن مغل

پیر 20 مئی 2019 15:20

حکومت ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرے، احمد حسن مغل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ بڑھتے ہوئے قرضوں کی وجہ سے معیشت دن بدن مشکلات کا شکار ہو رہی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن ہو رہی ہے، گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان کی معیشت کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا گیا ہے۔ پیر کو احمد حسن مغل نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکی نے بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مئی 2013ئمیں آئی ایم ایف کے قرضوں سے چھٹکارہ حاصل کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان موجودہ مالی سال کے دوران اب تک 5ارب ڈالر قرضوں کی ادائیگیوں پر خرچ کر چکا ہے جبکہ اندازہ یہ کیا جا رہا ہے کہ اس سال پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی پر 2کھرب روپے سے زائد ادا کرنا پڑیں گے۔انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرے کیونکہ جب تک پاکستان قرضوں کے بوجھ سے باہر نہیں نکلے گا اس وقت تک عوام کی زندگی خوشحال بنانے کا خواب صرف ایک خواب ہی رہے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں