اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی کا ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کی منظوری کا خیرمقدم

پیر 27 مئی 2019 15:16

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی کا ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کی منظوری کا خیرمقدم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کی منظوری دینے کا خیرمقدم کیا ہے، اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی جس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، غربت میں کمی آئے گی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔

آئی سی سی اے کے نائب صدر نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ موجودہ حکومت سے نوجوانوں کو کافی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ سے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے جو کہ خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا وقت کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے تاکہ پڑھے لکھے لوگ ملکی ترقی اور بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے سکلز ڈویلپمنٹ کے پروگرام بھی شروع کئے جائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے، یہ ایسے اقدامات ہیں جن پر عملدرآمد کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کیلئے بہتر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے اور سب کو روزگار فراہم کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے کا سب سے بہتر طریقہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکتے جبکہ قرضہ فراہم کرنے کی کڑی شرائط کی وجہ سے بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا ان کیلئے مشکل ہو تا ہے، ان حالات میں حکومت کو چاہئے کہ وہ نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کرے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرنے میں سہولت محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپنا کاروبار شروع کرکے نوجوان نہ صرف خود خوشحال ہوں گے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا کر سکیں گے جس سے بیروزگاری میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کے تحت نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ پاکستان صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس وجہ سے نوجوانوں کیلئے انٹرپرنیورشپ میں ترقی کرنے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کی سطح سے ہی نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کی تعلیم فراہم کی جائے تا کہ وہ کاروبار کی طرف مائل ہوں جس سے نہ صرف بیروزگاری کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت مستحکم ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں