غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مزید سازگار پالیسیاں بنائی جائیں، احمد حسن مغل

جمعہ 19 جولائی 2019 17:11

غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مزید سازگار پالیسیاں بنائی جائیں، احمد حسن مغل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراحمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مزید سازگار پالیسیاں بنائی جائیںبنائے تا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش ملک کے طور پر ابھرے اور معیشت مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہو ۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں لیکن عمدہ صلاحیت کے باوجود سرمایہ کاری میں تنزلی کا رجحان پالیسی سازوں کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت متعدد مسائل کا سامنا ہے کیونکہ ہماری برآمدات صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر رہی ہیں جس وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھتا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مہنگائی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی سست روی کا شکار ہیں۔ ان حالات میں حکومت کو چاہیے کہ وہ پالیسی اقدامات کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرے کیونکہ سرمایہ کاری کے بہتر فروغ سے ہی معیشت کے مختلف شعبے بہتر ترقی کر سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سرمایہ کاری کے ترقی پانے سے نوجوانوں کیلئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ چین، ہانگ کانگ، سنگا پوراور جنوبی کوریا سمیت متعدد ممالک نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے کر تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان نے اگر اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے تو سرمایہ کاری کیلئے مزید سازگار پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی اور کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان معیشت کو چلانے کیلئے زیادہ تر بیرونی قرضوں پر انحصار کرتا رہا ہے جس سے ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر انحصار کرنے کی بجائے حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوشش کرے جس سے معیشت کیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اقدامات کی وجہ سے بھی اس وقت ملک کی تاجر برادری پریشانی کا شکار ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجر برادری کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل جلد حل کرے تا کہ غیر یقینی کی فضا ختم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں