وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کر کے ملکی مفادات کا تحفظ کیا، صدر پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم

بدھ 21 اگست 2019 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کر کے ملکی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ یہ انتظامی فیصلہ جنرل باجوہ کی پالیسیوں پرحکومت کے مکمل اعتماد اور ان کی ملک و قوم کے لئے گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے۔

اس فیصلے سے قومی یکجہتی کا پیغام ملا، محب وطن حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ ملک دشمن قوتوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلے سے ملک کی سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا جبکہ ملک میں سیاسی استحکام میں بھی اضافہ ہو گا کیونکہ جنرل باجوہ جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر کشیدگی برقرار ہے، کشمیر کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مسلسل بگڑ رہی ہے، کرتار پور راہداری کے خلاف بھارتی سازشیں عروج پر ہیں اور افغانستان میں پاکستان کا کردار اسے ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ ان حالات میں جنرل باجوہ ایک بہترین انتخاب ہیں جنہوں نے تمام معاملات پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں