یونائیٹڈ بزنس گروپ کارکردگی کی بناء پر فیڈریشن کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گا،افتخار علی ملک

جمعہ 22 نومبر 2019 16:22

یونائیٹڈ بزنس گروپ کارکردگی کی بناء پر فیڈریشن کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گا،افتخار علی ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ان کا گروپ اپنی عمدہ کارکردگی کی بناء پر فیڈریشن کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گا، یو بی جی نے ہمیشہ باصلاحیت امیدواروں کو فیڈریشن کی صدارت کیلئے نامزد کیا ہے اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جائے گا، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر کی حیثیت سے تاجر برادی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی طرف سے نامزد صدارتی امیدواروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کی صدارت کیلئے نامزد امیدوار ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ ، سینئر نائب صدرارت کیلئے نامزد امیدوار حنیف گوہر اور نائب صدارت کیلئے نامزد امیدوار ملک سہیل حسین، محترمہ ثمینہ فاضل، محمد عادل قائد اور ندیم شیخ سمیت یو بی جی کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل، فائوندڑ گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، سیالکوٹ چیمبر کے گروپ چیئرمین شیخ ریاض، راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک، ہری پور چیمبر آف کامرس کے صدر فخر عالم، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدور اور تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ ڈاکٹر نعان ایک بڑے ایکسپورٹر ہیں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں لہذا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ کامیاب ہو کر فیڈریشن کو تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے مزید مضبوط و موثر ادارہ بنائیں گے اور حکومت کی پالیسی سازی میں بھی مثبت کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ چیمبر نے ہمیشہ یو بی جی کا ساتھ دیا ہے اور فیڈریشن کے موجودہ الیکشن میں بھی یو بی جی کے امیداوروں کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کامیاب بزنس مین ہیں، وہ فیڈریشن کی صدارت کیلئے موزوں ترین امیدوار ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فیڈریشن ملک کے تمام چیمبروںاور ایسوسی ایشنوں کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دے کر حکومت کو پیش کرے گی تا کہ مسائل بہتر حل ہوں اور کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو تاجر برادری کے مسائل حل کرانے کیلئے مزید فعال ادارہ بنایا جائے گا تاکہ تاجروصنعتکار معیشت کی ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کے ساتھ مل کر معاشرے میں ان کی عزت و وقار کومزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ ایف بی آر کا زیادہ زور اس وقت ٹیکسوں کے ذریعے ریونیو کو بہتر کرنا ہے جس سے تاجر برادری کو ٹیکسوں کی بھرمار کا سامنا ہے لیکن اس اپروچ سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوںنے اس بات پر زور دیاکہ حکومت کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور حکومت کے ریونیومیں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ پورے ملک کی تاجر برادری کے مسائل اسلام آباد میں حل ہوتے ہیں لہذا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مزیدقریبی روابط قائم کر کے مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں