معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کاروباری برادی کو سازگار ماحول فراہم کرے، میاں انجم نثار

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی

جمعہ 24 جنوری 2020 21:34

معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کاروباری برادی کو سازگار ماحول فراہم کرے، میاں انجم نثار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں میاں انجم نثار سے ملاقات کی اور ان کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان ، زبیر احمد ملک، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، چوہدری وحید الدین، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، ناصر قریشی،محمد اسلم کھوکھر، محمود احمد وڑایچ، نوید ملک، خالد چوہدری اور دیگر شامل تھے۔

سنیٹر حاجی غلام علیِ، نائب صدر اور انچارج ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قیصر خان دائودزئی، نائب صدور محمد علی قائد، شیخ ندیم اور کورآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمٰن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر میاں انجم نثار نے کہا کہ پاکستان میں 13.25فیصد پالیسی انٹرسٹ ریٹ اور بجلی و گیس کی مہنگی قیمتوں کی وجہ سے صنعتی و کاروباری اداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انٹرسٹ ریٹ کو سنگل ڈیجٹ تک لائے اور توانائی کی قیمتوں پر نظرثانی کر کے کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے حکومت صنعت و تجارت اور زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے۔ انہوںنے چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ فیڈریشن ملک کے چیمبروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کر کے تاجروصنعتکار برادری کے مسائل حل کرانے کی کوشش کرے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں انجم نثار کو فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ کاروباری برادری کے مفادات کے موثر تحفظ کیلئے وہ فیڈریشن کو مزید مضبوط ادارہ بنائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ فیڈریشن تمام چیمبروں اور ایسوسی ایشنوں کی مشاورت سے متفقہ بجٹ تجاویز تیار کر کے حکومت کو ارسال کرے تا کہ حکومت ان تجاویز کی روشنی میں آئندہ بجٹ کو حتمی شکل دے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے چیمبر فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، زبیر احمد ملک، میاں شوکت مسعود، چوہدری وحید الدین، ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی، ناصر قریشی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں فیڈریشن کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں