ترک سرمایہ کار وفد کا فیڈمک کیمپ آفس کا دورہ،مختلف شعبوں و منصوبوں میں تعاون بارے تبادلہ خیال

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی وفد کو بریفنگ،سرمایہ کاروں کو مواقع اور مراعاتی پیکجز بارے آگاہ کیا

منگل 18 فروری 2020 12:20

ترک سرمایہ کار وفد کا فیڈمک کیمپ آفس کا دورہ،مختلف شعبوں و منصوبوں میں تعاون بارے تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) ترک کمپنیاں سی پیک کے تحت فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( فیڈمک ) کے ترجیحی خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں، منگل کو ترک وفد نے فیڈمک کیمپ آفس کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں اور منصوبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو پیش کی جانے والے مواقع اور مراعاتی پیکجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کو اب مضبوط تجارتی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل ہونا چاہیے، دونوں ممالک میں باہمی تجارت کے کیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سمیت سپیشل اکنامک زونز پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور حکومت ان میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مراعات فراہم کررہی ہے، یہ انتہائی مناسب وقت ہے کہ ترک سرمایہ کار ان خصوصی اقتصادی زونز میں جواہرات و زیورات ، ادویہ سازی ، ماربل ، آٹو موبائل اور صحت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق غیر ملکی اور مقامی صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کررہی ہے اور صوبے میں کاروباری آسانیوں کی غرض سے تاجروں کو ایک ہی چھت تلے تمام خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی تمام صنعتوں کو 10 سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو گا اور پلانٹس ، مشینری ، خام مال اور دیگر سامان ڈیوٹی فری امپورٹ کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف منصوبوں میں تقریباً 400 ارب روپے کی غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو سرمایہ کاروں کے موجودہ حکومت پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے، دیگر کئی ممالک کی طرح 25 سے زائد چینی کمپنیاں انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کے لیے معاہدے کر چکی ہیں۔ وفد کے ممبران کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور آٹوموبائل ، آئی ٹی ، ہوم ایپلائینسز ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں کاروباری شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بہت سے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں اس لیے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کی تلاش کے لیے اپنے نجی شعبوں کے درمیان بہتر اور مضبوط روابط قائم کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دورہ پاکستان کا مقصد مارکیٹ سٹڈی اور مقامی شراکت داروں کے متعلق معلومات حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ بہت سے شعبوں میں تعاون کرسکتا ہے اور امید ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ بعد ازاں وفد نے انڈسٹریل سٹی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں