رواں سال 2020 کے پہلے 11 ماہ میں تین نئی کمپنیاں سٹاک مارکیٹ میں شامل

منگل 1 دسمبر 2020 11:21

رواں سال 2020 کے پہلے 11 ماہ میں تین نئی کمپنیاں سٹاک مارکیٹ میں شامل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2020ء) : رواں سال 2020 کے پہلے 11 ماہ میں تین نئی کمپنیاں سٹاک مارکیٹ میں شامل ہوئی ہیں، پینتھر ٹائرز لمیٹڈ (سابقہ میاں ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ) چوتھی کمپنی ہے جو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹنگ کی خواہشمند ہے۔ پینتھر ٹائر ز لمیٹڈ اپنے کاروبار میں توسیع کے لئے 40 ملین شیئرز کی سٹاک مارکیٹ میں فروخت سے 1.41 ارب روپے حاصل کرنے کی خواہشمند ہے ۔

واضح رہے کہ کمپنی کے توسیعی منصوبہ کی لاگت کا کل تخمینہ 3.07 ارب روپے ہے جس میں سے قرض کی شرح 37.5 فیصد جبکہ ایکوئٹی کی شرح 62.5 فیصد ہے۔ پینتھر ٹائرز لمیٹد کے مالیاتی اعداد شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کمپنی کا ریونیو 11.6 ارب روپے رہا تھا اور کمپنی کو بعد از ٹیکس 252 ملین روپے منافع حاصل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح کمپنی کی فی حصص آمدن 2.52 روپے رہی تھی۔

کمپنی کی رپورٹ کے مطابق پینتھر ٹائرز پاکستان سے ٹائر برآمد کرنے والی پہلی کمپنی ہے جو ترکی، متحدہ عرب امارات اور شام سمیت کئی ممالک کو ٹائرز برآمد کررہی ہے۔ کمپنی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ سے کمپنی نہ صرف ٹائر اور ٹیوبز کے کاروبار کو توسیع دے گی بلکہ آٹو موبائلز کے سپیئر پارٹس کی ٹریڈنگ بھی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رواں سال 2020 کے پہلے گیارہ ماہ میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تین نئی کمپنیاں شامل ہوئی ہیں جن میں ٹی پی ایل ٹریکٹر لمیٹڈ، آرگینک میٹ کمپنی اور آغا سٹیل انڈسٹریز شامل ہیں۔ اس طرح ایک سال کے دوران پی ایس ایکس میں لسٹنگ حاصل کرنے کی چوتھی خواہش مند کمپنی پینتھر ٹائرز لمیٹڈ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں