کورونا وبا کے باعث اقتصادی سست روی کے بعد سیمنٹ کے شعبہ کی تیز ترین بحالی کا عمل جاری

ہفتہ دسمبر 12:49

کورونا وبا کے باعث اقتصادی سست روی کے بعد سیمنٹ کے شعبہ کی تیز ترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2020ء) کووڈ۔ 19 کی وبا کے باعث اقتصادی سست روی کے بعد سیمنٹ کے شعبہ کی تیز ترین بحالی کا عمل جاری ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) کو لسٹڈ سیمنٹ ساز اداروں کے بھیجے گئے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے لکی سیمنٹ نے 5.13 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کےلئے کمپنی کی آمدنی 1.53 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح جولائی تا ستمبر 2020 کےلئے لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدنی بھی 13.45 روپے تک پہنچ گئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2019 کےلئے کمپنی کی فی حصص آمدن 3.93 روپے رہی تھی۔

(جاری ہے)

ٹاپ لائن سیکورٹیز کے شعبہ تحقیق کے نائب سربراہ شنکر تلریجا نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کےلئے لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدنی 10 روپے متوقع تھی تاہم لکی سیمنٹ کی فی حصص آمدن توقعات سے کہیں بہتر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی نے ٓٹو موبائلز کے بزنس میں بھی سرمایہ کاری کی رکھی ہے اور جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کےلئے اس کی آمدن میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں رواں سال کمپنی کی سیلز 77 فیصد اضافہ سے 16 ارب روپے تک بڑھے گی۔ پی ایس ایکس رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران کوہاٹ سیمنٹ کمپنی کی آمدن میں 475 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا ستمبر 2020 کےلئے کمپنی کی آمدن 507.1 ملین روپے تک بڑھ گئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2019 کے لئے کوہاٹ سیمنٹ نے 88.2 ملین روپے آمدنی حاصل کی تھی۔

اس طرح کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 0.44 روپے کے مقابلہ میں 2.52 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ گزشتہ مسلسل چار سہ ماہیوں کے دوران خسارہ کے بعد 30 ستمبر 2020 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران میپل لیف سیمنٹ کو 555 ملین روپے منافع ہوا ہے اور فی حصص آمدن 0.51 روپے رہی ہے۔ شنکر تلریجا کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 52 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی اور فروغ سے سیمنٹ ساز مقامی صنعت کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور توقع ہے کہ گزشتہ مالی سال جو سیمنٹ کی صنعت کے لئے ایک مشکل سال ثابت ہوا تھا رواں مالی سال کے دورا ن اس  شعبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments