ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو پاک فوج پر فخر ہےجو عالمی درجہ بندی میں 10 ویں طاقتور ترین فوج قرار پائی ہے، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک

منگل 19 جنوری 2021 13:33

ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو پاک فوج پر فخر ہےجو عالمی درجہ بندی میں 10 ویں طاقتور ترین فوج قرار پائی ہے، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ  افتخار علی ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو پاک فوج پر فخر ہے کہ وہ عالمی درجہ بندی میں 10 ویں طاقتور ترین فوج قرار پائی ہے۔ چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سینئر تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو پاک فوج پر فخر ہے کہ وہ اسرائیل ، کینیڈا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 133 ممالک کی درجہ بندی میں دنیا بھر میں 10 ویں طاقتور ترین فوج قرار پائی ہے۔

منگل کو میاں آفتاب ضیا کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں پاکستان کی مسلح افواج نے اسرائیل ، کینیڈا ، ایران اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن پانچ درجے بہتر کی ہے اور پاکستان ٹاپ 15 میں واحد ملک ہے جس کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے مزید کہا کہ یہ ایک اور طرہ امتیاز ہے کہ پاک فوج کے ایس ایس جی کو دنیا کی بہترین اسپیشل فورس تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ، اٹلی ، مصر ، جرمنی ، سعودی عرب ، اسپین اور آسٹریلیا بھی ان اہم افواج میں شامل ہیں جن کو عالمی درجہ بندی میں پاک فوج نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے موجودہ فوجی قیادت پیشہ ورانہ مہارت سے آراستہ ہے اور وہ انتہائی کامیابی کے ساتھ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھر پور پور اہلیت رکھتی ہے اور پاک فوج نے دنیا کے جنگ زدہ ممالک میں امن برقرار رکھنے سمیت دیگر چیلنجوں کا انتہائی کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کی مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک فوج آئندہ بھی مزید کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں