حکومت سرپرستی کرے تو عالمی مارکیٹوںمیں کھویا ہوا حصہ دوبارہ واپس حاصل کرسکتے ہیں،کارپٹ ایسوسی ایشن

سرپرستی کیساتھ بیرون ممالک مارکیٹنگ اوربرآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے‘ سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد

ہفتہ 23 جنوری 2021 13:00

حکومت سرپرستی کرے تو عالمی مارکیٹوںمیں کھویا ہوا حصہ دوبارہ واپس حاصل کرسکتے ہیں،کارپٹ ایسوسی ایشن
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ نہ کرنا خوش آئند ہے لیکن معاشی سر گرمیوں کو فرو غ دینے کیلئے اسے مزید نیچے لانے کی ضرورت ہے ،گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے مستقبل کیلئے جو باتیں کی گئی ہیں اگر ان پر عملدرآمد ہوتا ہے تو بزنس کمیونٹی اس کا خیر مقدم کرے گی،ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اسٹیٹ بینک کی بعض شرائط مشکلات کا باعث ہیں جنہیں دور کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سعید خان ،محمد اکبر ملک، میجر(ر) اختر نذیر،دانیا ل حنیف،فیصل سعید خان سمیت دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل پر غور اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے ہوئے قالینو ں کی مصنوعات کی پوری دنیا میں ایک منفرد پہچان رکھتے تھے لیکن نامساعد حالات کی وجہ سے عالمی مارکیٹوں میں دوسرے ممالک اپنی گرفت مضبوط کررہے ہیں۔حکومت سے اپیل ہے کہ نہ صرف ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی مقامی سطح پر سرپرستی کی جائے بلکہ بیرون ممالک مارکیٹنگ اوربرآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔اگر حکومت ہماری سرپرستی کرے تو ہم عالمی مارکیٹوںمیں اپنا کھویا ہوا حصہ دوبارہ واپس حاصل کرنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں