پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران 38 فیصد کا اضافہ

پیر 6 دسمبر 2021 15:36

پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران 38 فیصد کا اضافہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران 38 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2021 تک کی مدت میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 327.87 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.44 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 230.17 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اکتوبرکے مہینہ میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات میں گزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 20.51 فیصدکااضافہ ہواہے، گزشتہ سال اکتوبرمیں اٹلی کو 61.31 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں جواس سال اکتوبرمیں بڑھ کر75.09 ملین ڈالرہوگئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں اٹلی سے درآمدات میں 44.31 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے  ۔ جاری مالی سال کے دوران اٹلی سے درآمدات پر230.56 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی سے درآمدات پر159.64 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔

اکتوبرکے مہینہ میں اٹلی سے 48.80 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ سال اکتوبرکے 35.86 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 36.05 فیصدزیادہ ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں اٹلی کوفاضل تجارت کاحجم 97.30 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.11 فیصدزیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں