تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن

بدھ 18 مئی 2022 23:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہاہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اسلام آباد انتظامیہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز رراولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم روف کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر عاصم ملک اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر شہریار خا ن بھی موجود تھے۔ صدر چیمبر نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبرآف کامرس کے زیر اہتمام تیسر ی جیمز اینڈ جیولری کانفرنس و ایکسپو 20تا 22مئی اسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔

(جاری ہے)

جیمز اینڈ جیولری نمائش میں پچاس سے زائد سٹالز لگائے جائیں گے۔ نمائش میں ملک بھر سے ایگزیبیٹرز شرکت کریں گے۔ نمائش کے موقع پر کانفرنس اور بی ٹوبی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس غیر معروف سیکٹرز کی ترقی کے اقدامات جاری رکھے گا ۔ڈپٹی کمشنر نے نمائش کے حوالے سے ہر قسم کی معاونت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے صدر چیمبر کی جانب سے جڑواں شہروں کے ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور راولپنڈی اسلام آباد کی حدود کے حوالے سے تجاویز کا خیر مقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں