یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر اور گریٹر نیویارک چیمبر کا 23 ستمبر کو نیویارک میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ

جمعرات 19 مئی 2022 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (یو ایس پی آئی سی سی) اور گریٹر نیویارک چیمبر نے 23 ستمبر کو نیویارک میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کا تعارف اور ان کی برامدات بڑھائی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ یو ایس پی آئی سی سی کے صدر سجاد قمر، یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرزبیر طفیل، یو ایس پی آئی سی سی کے سیکرٹری جنرل ملک سہیل اور گریٹر نیویارک چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر مارک جیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارت کے مواقع تلاش کرنے، دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور دونوں چیمبرز کے درمیان نیٹ ورکنگ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کے ممبران اپنے شراکت داروں کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سجاد قمر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور اس کے دلچسپی اشیائے صرف، کیمیکل، توانائی، زراعت، آؤٹ سورسنگ، نقل و حمل اور مواصلات میں زیادہ ہے۔

زبیر طفیل نے کہا کہ امریکا بہت اہم ملک ہے اورپاکستان کی بڑی برامدی منڈیوں میں شامل ہے۔ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں اور گہرے تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ملک سہیل نے کہا کہ امر یکا نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی، سیکورٹی، استحکام، خوشحالی اور خود انحصاری میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔دریں اثنا سجاد قمر نے کہا کہ یو ایس پی آئی سی سی نے پاکستان کے معاشی مفادات کو فروغ دینے کے لیے 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک نیویارک میں تین روزہ سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں پاکستانی چاول، زرعی مصنوعات، ٹیکسٹائل، کیمیکل، آئی ٹی سروسز وغیرہ کو فروغ دیا جائے گا جس سے امریکا کو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

نمائش میں پاکستانی وفد کی قیادت یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس پاکستان چیپٹر کے صدرمحمد احمد کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں