راولپنڈی چیمبرکا سولر پینلز پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس خاتمے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم ، لگژری آئٹمز کی فہرست پر نظر ثانی کا مطالبہ

پیر 23 مئی 2022 19:06

راولپنڈی چیمبرکا سولر پینلز پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس خاتمے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم ، لگژری آئٹمز کی فہرست پر نظر ثانی کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے سولر پینلز پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس خاتمے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی کی فہرست پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رؤف نے کہاکہ تاجر برادری موجودہ معاشی بحران میں لگژری اشیاء کی امپورٹ پر پابندی کے حق میں ہے تاہم پابندی کی فہرست میں ضروری اشیاء بھی شامل ہو گئی ہیں جن پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

سرامکس میں کراکری کو بھی ممنوع فہرست میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو زمینی حقائق کا بھی ادراک کرنا چاہیئے۔ کئی اشیا ایسی ہیں جن کی مینو فکچرنگ یہاں نہیں ہوتی، اسمگلنگ بڑھنے کا اندیشہ ہے جس سے حکومت کی آمدن مزید متاثر ہو گی۔

(جاری ہے)

بیکری کی مصنوعات، نظر کی عینکیں،شوز میں استعمال ہونے والا چمڑا، آٹو موبلز، لائٹنگ سمیت کئی ایسی اشیاء ہیں جو لگژری میں نہیں آتی لیکن مین کوڈ یا چیپٹر ایک ہونے کے باعث پابندی کی زد میں آ گئی ہیں اور کئی اشیاءکا ایچ ایس کوڈ ایک ہونے کی وجہ سے ضروری اشیاء بھی اسی پابندی کی زد میں آگئی ہیں، لائیو سٹاک خاص طور پر پولٹری فیڈ میں استعمال ہونے والی وٹامنز ادویات کی امپورٹ پر پابندی عائد کر دی گئی جس سے گوشت، مرغی کی قیمت مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ متاثرہ سیکٹرز سے وابستہ تاجروں کا اجلاس اسی ہفتے چیمبر میں طلب کیا گیا ہے تاکہ تجاویز اور حل حکومت کو پیش کی جا سکیں۔ صدرچیمبر ندیم رؤف نے کہا کہ ایئر کنڈیشننگ، ہیٹنگ اور چلرز اور ان سے وابستہ آئٹمزکی امپورٹ پربھی پابندی عائد کی گئی ہے لیکن دور حاضر میں یہ لگژری نہیں رہے یہ اب ہسپتال، کالج، یونیورسٹی، کاروباری مرکز اور گھر کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سولر پینلز پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس ختم کیا ہے، تاجربرادری اسے سراہتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں