وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر کاجرمن وفاقی دفتر خارجہ کا دورہ ، جی ایس پی سکیم کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا

ہفتہ 28 مئی 2022 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر یورپی یونین کے دورہ کے سلسلہ میں جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ انہوں نے جمعہ کو جرمن وفاقی دفتر خارجہ کا دورہ کیا جہاں پر جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر طوبیاس لینڈر نے ان کا استقبال کیا ۔ جمعہ کو سفارتخانہ کی طرف سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق وزیر مملکت نے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورہ سے پاکستان اور جرمن کے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط اور متنوع ہونگے ۔

دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت بڑھانے اور کوویڈ ۔19کے بعد کی صورتحال میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف نے توانائی ، زراعت ، فوڈ سیکورٹی ، آٹو موبائل اور ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس اشتراک کار کے سلسلہ میں کاروباری وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا ۔ وزیر تجارت نے جی ایس پی سکیم کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جی ایس پی پلس نے دو طرفہ تجارت کو وسیع کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ اس سے پاکستان کو یورپی مارکیٹ میں پاکستان کو برابر کے مواقع ملے ہیں اور اس سکیم نے پاکستان میں سماجی اصلاحات خصوصاً خواتین کو با اختیار بنانے میں ضروری عمل انگیز کا کردار ادا کیا ہے ۔

جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ نے جی ایس پی پلس سکیم میں آئندہ بھی اپنے ملک کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ دونوں اطراف نے خطہ بھر میں تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی ۔ جرمنی نے افغان مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی او ر وطن واپسی میں پاکستان کے تعمیری اورمثبت کردار کو سراہا ۔ وزیر نے جرمنی کے وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ پاکستان افغان مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گا ۔ وزیر نے پاکستانی سفارتخانہ کا بھی دورہ کیا اور یورپی یونین بھر کے ممالک کے دورہ کے بارے میں افسران اور میڈیا سے بالمشافہ گفتگو کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں