ایف بی آر نے مالی سال 2022-23 کی پہلی سہ ماہی میں 1635 ارب روپے اکٹھے کیے،

ہفتہ 1 اکتوبر 2022 01:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2022ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے جمعہ کو رواں مالی سال 2022-23 کی پہلی سہ ماہی میں 1635 ارب روپے جمع کرکے تاریخ رقم کردی۔جمعہ کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایف بی آر نے ماہ ستمبر اور مالی سال 2022-23 کی پہلی سہ ماہی کے لیے عارضی محصولات کی وصولی کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

ایف بی آر نے ماہ ستمبر کے دوران 684 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 685 ارب روپے کا خالص ریونیو اکٹھا کیا ہے جو کہ گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا ہدف بھی 1609 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1635 ارب روپے حاصل کر کے عبور کر لیا گیا ہے اور اس سہ ماہی کی شرح نمو 17 فیصد سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر نے ہدف سے زائد 27 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں۔

محصولات کی وصولی میں یہ کارکردگی پٹرولیئم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی صفر درجہ بندی، امپورٹ کمپریشن اور سیلاب کی موجودہ صورتحال کے باوجود ہے۔یہ متاثر کن نمو بنیادی طور پر پہلی سہ ماہی میں براہ راست ٹیکسوں میں 41 فیصد اضافے پر مبنی ہے جو حکومت کی امیروں اور متمول افراد پر ٹیکس لگانے کی پالیسی کے مطابق ہے۔ریونیو کی کارکردگی ایف بی آر کی مضبوط ریونیو موبلائزیشن حکمت عملی اور فیلڈ فارمیشنز کی جانب سے موثرعمل درآمد کی عکاس ہے۔

دوسری جانب پہلی سہ ماہی کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز کی رقم تقسیم کی گئی جو گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں 62 ارب روپے تھی جو کہ 35.5 فیصد زیادہ ہے۔ایف بی آر ان تمام ٹیکس دہندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اتنا شاندار ریکارڈ ٹیکس جمع کئے جانے کو ممکن بنایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں