بحری آگہی اور تحقیق کے موضوع پر بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد

ہفتہ 21 جولائی 2018 07:10

بحری آگہی اور تحقیق کے موضوع پر بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد
اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) بحری آگہی اور تحقیق کے موضوع پر بحریہ یونیورسٹی کے کراچی کیمپس میں دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا انعقاد ،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس کا مقصد بحری شعبے میں روزگار کے حصول کے لیے ضروری تعلیم اور صلاحیتوں پر زور دینا تھا۔

کانفرنس میں قومی اور غیر ملکی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں پاک بحریہ کے افسران، ماہرین تعلیم، حکومتی نمائندگان اور کاروباری حضرات شامل تھے۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) محمد شفیق نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاک ۔چین اقتصادی راہدرای کے تناظر میں بحری شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ابھرتے ہوئے بحری شعبے میں ملازمت کے حصول کی اہلیت پیدا کرنے کے لیے لوگوں کو بحری امور سے متعلق تعلیم اور آگہی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کنسلٹنٹ (سی پیک) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان لیفٹنینٹ جنرل (ر) محمد اصغر نے اپنے خطاب میں مستقبل کے رجحانات کا صحیح اندازہ لگانے اور تعلیم اور صلاحیت کے میدان میں بروقت تبدیلیاں لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جدید تقاضوں اور رجحانات سے ہم آہنگ رہا جاسکے۔ انہوں نے میری ٹائم ایجوکیشن کے حوالے سے تدریسی اداروں کی عدم دلچسپی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان میں بحری شعبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے بحریہ یونیورسٹی کو ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔

دو روز تک جاری رہنے والی ورکشاپ مقالوں اورباہم گفت شنید کا مجموعہ تھی جس میں بحری تعلیم و تدریس سے متعلق شعبوں بشمول ملازمتوں کی فراہمی، نصاب کی تیاری، اساتذہ کی بہتر تربیت ، تجربہ گاہوں اور دیگر تدریسی لوازمات کی ضروریات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ چین ، ہانگ کانگ اور ترکی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بحری تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے بحری شعبے اور سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بحری سرگرمیوں کے حوالے سے پاکستان کی مرکزی حیثیت کے تناظر میں پیدا ہونے والی مارکیٹ کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ہیومینٹیز اور سوشل سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر بشیر احمد نے ورکشاپ کی کارروائی اور اس دوران پیش کردہ تجاویز سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل بحریہ یونیورسٹی کراچی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) خواجہ غضنفر حسین نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کانفرنس کے تمام ملکی اور غیر ملکی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں