انیسویں بین الاقوامی پیور میتھیمیٹکس کانفرنس2018ء اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پرنسٹن یونیورسٹی کے اشتراک سے اسلام آباد میں شروع ہوگئی

جمعہ 17 اگست 2018 17:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) انیسویں بین الاقوامی پیور میتھیمیٹکس کانفرنس2018ء اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پرنسٹن یونیورسٹی کے اشتراک سے اسلام آباد میں شروع ہوگئی۔ سہ روزہ کانفرنس کا حقیقی خیال (تھیم) الجبرا، جیومیٹری اور تجزیہ ہے۔ کانفرنس میں 60 مقرر اور 150 ملکی اور غیر ملکی مندوبین شامل ہیں ۔

اس موقع پرمہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹرارشد علی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن تھے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پوراور پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط چانسلر پرنسٹن یونیورسٹی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ارشد علی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ علم ریاضی دنیا بھر میں سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر تا رہاہے نیز ساری انسانیت اس سائنسی ترقی سے استفادہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس عہد، دور اور اس میدان میں پاکستان کو بھی آگے بڑھنا اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان دنیا کے چند اہم ترین ممالک میں شامل ہے اور وہ کسی صورت میں بھی دنیا میں اپنی حیثیت ختم یا کم نہیں کرسکتا اور بطورِ خاص پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان کو بھی کسی صورت نظر انداز نہیں کرسکتا۔پاکستان علم ریاضی کی ترقی میں اپنا حصہ اور کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان میتھیمیٹیکل سوسائٹی اور اس کے منتظمین کی حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ اس طرح کی خالصتاً علمی سرگرمیوں کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرائیں گے ۔ انہوں نے ملک بھر کے ریاضی دانوں پر زور دیا کہ وہ عالمی ریاضی دانوں سے مربوط رہیں اور اپنی تحقیقات کے دائروں کو مزید وسعت دیں۔ ہماری جامعات کو چاہیے کہ وہ اس طرح کی کانفرنسوں اور سیمیناروں کے ذریعے عالمی اداروں سے رابطے میں رہیں اور استفادے کے مواقع پیدا کرتے رہیں نیز انہیں پاکستان میں بلائیں تاکہ وہ بھی ہمارے اداروں کے سیمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کریں۔

مہمان خصوصی نے پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق اور اُن کی ٹیم کو شان دار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جو پاکستان میں ریاضیاتی کلچر پیدا اور قائم کرنے کے لیے تسلسل کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے۔اس سے پہلے پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور صدرپاکستان میتھی میٹیکل سوسائٹی نے اپنے خطاب میں مہمانوں اور تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا، پاکستان میتھی میٹیکل سوسائٹی کا تعارف پیش کیا اور سوسائٹی کا تاریخی پس منظر بھی بیان کیا نیز یہ بھی واضح کیا کہ سوسائٹی نے اب تک کی کانفرنسوں میں اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات کے ذریعے علمی دنیا بطورِ خاص ریاضی کی کیا خدمت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میتھ میٹیکل سوسائٹی 2000ء سے مسلسل کانفرنسیں منعقد کر رہی ہے جس میں بہت سے ملکی و غیر ملکی سکالر تشریف لائے اور انہوں نے اپنے اپنے مقالے پڑھے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل پیور میتھ میٹکس کانفرنس پاکستان کی اوّلین واحد تنظیم ہے جو دنیا بھر کے ریاضی دانوں کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ ریاضی دان تشریف لائیں، اپنے اپنے ریسرچ پیپر پڑھیں، مکالمہ کریں، نئے نئے خیالات پیش کریں، خود بھی سیکھیں اور دوسروں کو بھی سکھائیں۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط چانسلر پرنسٹن یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد بہت سے ٹیکنیکل سیشن ہوئے جن میں مقررین اور دیگر شرکاء نے ریاضی کے بہت سے شعبوں اوراُن میں کام کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ کانفرنس کے دیگر معاون ادارے پاکستان میتھیمیٹیکل سوسائٹی، ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف میتھی میٹیکل سائنسز اور الجبرا فورم ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں