بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری کی کو ونٹری یونیورسٹی، لندن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 22 ستمبر 2018 16:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہاہے کہ بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات کوونٹری یونیورسٹی، لندن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین باہمی اشتراک کے امکانات پر گفتگو ہوئی ۔

ڈاکٹر بنوری نے وفدکو خوش آمدید کہا اور انہیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعلی تعلیم کی ترویج کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے تحقیق کی اشد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

کوونٹری یونیورسٹی کے وفد نے اپنے ادارے کا تعارف کروایا اور انڈسٹری اورجامعہ کے باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد کے شرکاء نے بتایا کہ انڈسٹری کے ساتھ اشتراک سے بہترین تعلیمی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں ۔ ایسوسی ایٹ ہیڈ ڈاکٹر فرزانہ اسلم نے کہا کہ ان کے پروگرام کا مقصد طلباء کو ملازمت کے حصول میں معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔ ڈاکٹر بنوری نے کوونٹری یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کو ریسرچ کے باہمی پروگراموں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے سپلٹ پی ایچ ڈی پروگرام کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی اسکالرز کو دو سے تین ماہ کے لیے مخلتف جامعات میں تحقیق کے لیے وقت گزارنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن برطانیہ میں طلباء کوماہانہ خرچ اور دیگر اخراجات ادا کرتا ہے۔ اس سے پہلے کوونٹری یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وفد کے شرکاء نے بتایا کوونٹری یونیورسٹی میں ایک ہزار کے قریب محققین پندرہ ریسرچ سنٹرز میں کام کر رہے ہیں ۔پاکستان ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن نے یو۔کے گیٹ وے کے پراجیکٹ میں ڈویلپمنٹ آف ریسرچ ایکسی لینس فریم ورک اور میگا سیکٹورل ریسرچ گرانٹ کے مجوزہ پروگراموں کے بارے میں کوونٹری یونیورسٹی کے وفد کو بریفنگ دی ۔ ملاقات کے دوران پاکستانی محققین کو کوونٹری یونیورسٹی میں تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مزید برآں اعلی تعلیم کے معیار، جامعات کی رینکنگ، کوالٹی ایشورنس میکانزم جیسے موضوعات بھی ملاقات میں زیر بحث آئے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں