وفاقی وزیر بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم سے پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمائون کی ملاقات

منگل 16 اکتوبر 2018 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم سے پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمائون نے ملاقات کی۔ سفیر نے وزیر قانون سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں بطور سفیر مدت میں بہت کچھ سیکھا۔ پاکستان مراکش کا 1952ء سے ساتھ دیتا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے پر مبنی تعلقات ہیں جوکہ شروع سے ہی فروغ پذیر ہیں۔

محمد کرمائون نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ سے جڑے ہوئے ہیں اور یہ ثقافتی تجربات کا تبادلہ بھی کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون وانصاف نے سفیر کو بتایا کہ پاکستانیوں کے مراکش کیلئے بڑے اچھے جذبات ہیں، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے حامی اور عمدہ تعلقات رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مراکش کے شاہ اور وزیراعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مراکش کی تعمیراتی، ٹیکسٹائل، تعلیم اور ثقافتی شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔ سفیر نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ مراکش پاکستانی طلباء کو وظائف کی پیش کش کرتا ہے۔ وفاقی وزیر قانون وانصاف نے پاکستانیوں کو مراکش کے ویزہ کے حصول میں ان مشکلات کا مسئلہ بھی اُٹھایا جوکہ کاروباری افراد اور ویزہ کے حقیقی درخواست گزاروں کو پیش آتی ہیں۔

جس پر سفیر نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ حقیقی درخواست گزاروں کو ویزے کا پس منظر چیک کرنے کے بعد اسی روز ویزہ جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستانی کاروباری افراد کا مراکش میں خیر مقدم کیا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں