علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے طلبہ و طالبات کو درسی کتابوں کی ترسیل کا آغاز کر دیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2018ء میں پیش کئے گئے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخل 7لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو درسی کتابوں اورمعاون تدریسی مواد کی ترسیل کا آغاز کردیا۔ شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سیّد ضیاء الحسنین کے مطابق پہلے مرحلے میں ایف اے پروگرام میں داخل طلباء و طالبات کو کتب ارسال کئے جارہے ہیں، دوسرے مرحلے میں میٹرک، بی اے اور ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز کی کتابوں کی ترسیل شروع کی جائے گی۔

قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کتابوں کی ترسیل کا عمل بروقت مکمل کرنے کیلئے ایک ٹائم فریم دیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ داخل تمام طلبہ و طالبات کو درسی مواد کی ترسیل کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں ہوم اسائنمنٹس لکھنے اور امتحانات کی تیاری کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت مل سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یونیورسٹی نے طلبہ کے ساتھ تیز تر رابطے کیلئے حال ہی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر رکھا ہے۔

میلنگ سیکشن سے کتابیں بھجوانے کے فوراً بعد طلبہ کو فوری طور پر ایس ایم ایس کیا جاتا ہے کہ آپ کی کتابیں ارسال کردی گئی ہیں، ساتھ ہی ساتھ ارسال شدہ کتابوں کی تفصیلات کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ایڈمیشن انکوائری بکس کے ذیل میں موجودبکس ڈسپیچ انکوائری میں فراہم کردئیے جاتے ہیں۔ کتابوں کے بارے میں معلومات کے لئے کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں