تعلیم اور تحقیق کے شعبہ جات میں ہائر ایجوکیشن کمیشن تمام برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، ڈاکٹر طارق بنوری

پاکستان اور نائیجیریا کے ہائیر ایجوکیشن کمیشنز کے درمیان باہمی تعلقات کیلئے باہمی دلچسپی کے شعبہ جات کا تعین کرنا ہوگا، چیئرمین ایچ ای سی

بدھ 12 دسمبر 2018 22:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے کہاہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن دوست ممالک کیساتھ روابط بڑھانے، بین الاقوامی تعلیمی تعلقات استوار کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعاون کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔بدھ کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری سے نائیجیریا کی وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 2 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کے اراکین میں ڈائریکٹر بائیو ریسورسز ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نائیجیریا ابایومی اوگن ٹنڈے اور اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرماننٹ سیکرٹری وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سیموئل تھامس شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے، بین الاقوامی تعلیمی تعلقات استوار کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعاون کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پانی، انرجی اور فوڈ سیکورٹی میں سنٹرز آف ایڈوانس سٹڈیز بنائے ہیں جو پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور نائیجیریا کے ہائیر ایجوکیشن اداروں کے درمیان باہمی تعلقات کیلئے باہمی دلچسپی کے شعبہ جات کا تعین کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے شعبہ جات میں ہائر ایجوکیشن کمیشن تمام برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ایک وفد نائیجیریا بھجوایا جا سکتا ہے تاکہ اس بات کا ادراک کیا جا سکے کہ نائیجیریا کے تعلیمی اداروں کے ساتھ کن شعبہ جات میں معاونت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ نائیجیرین وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور ترویج کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں