نصابی کتب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے نئی سکیم آف سٹڈیز متعارف کرائی جا رہی ہے ، ترجمان پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ

جمعہ 19 اپریل 2019 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) پاک چائنہ سنٹر اسلام آباد میں دسویں سالانہ قومی میلے میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈکے زیر اہتمام جماعت اول سے بارہویں جماعت تک نصابی کتب کا سٹال لگا یا ہے، گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی بورڈ نے بھرپور شرکت کی۔ جمعہ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے ترجمان رانا طارق محمود نے بتایا کہ نصابی کتب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے نئی سکیم آف سٹڈیز متعارف کرائی جا رہی ہے ۔

بورڈ نے اس سال 13 کروڑ سے زائد نصابی کتب شائع کیں۔ اس سال بھی تمام نصابی کتب مقررہ وقت سے پہلے تیا رکی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کتب کی تیاری میں اوپن ٹینڈر کے ذریعے 57 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ بورڈ نے قومی و ملی یکجہتی میں تعلیمی نصاب کے کردار کے موضوع پر ورکشاپس اور سیمینار کا انعقاد کرایا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق نصابی کتب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے نئی سکیم آف سٹڈیز کو متعارف کرایا جا رہا ہے، دینی مدارس کے طلباء کیلئے بھی نصابی کتب تیار کی جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں بورڈ بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ہم نصابی تعلیمی مواد بھی شائع کر رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے شرکاء میں محفوظ بچے مضبوط پاکستان کے موضوع پر پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کتب تمام مکاتب فکرکے علماء کرام کی مشاورت سے تیارکی گئیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں