ْپریسٹن یونیورسٹی اور شہر اقبال فورم کے اشتراک سے علامہ محمد اقبالؒکی81 ویں برسی منائی گئی

جمعہ 26 اپریل 2019 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) پریسٹن یونیورسٹی اور شہر اقبال فورم کے اشتراک سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒکی81 ویں برسی منائی گئی۔ اس دن کی مناسبت سے پریسٹن یونیورسٹی اور شہر اقبال فورم نے پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک مشترکہ سیمینار منعقد کیا۔ عظیم فلسفی شاعرعلامہ محمد اقبالؒکے پوتے اور شہرت یافتہ قانون دان ڈاکٹر جاوید اقبال اور ناصرہ اقبال کے صاحبزادے ولید اقبال نے سیمینار میں مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کی۔

ڈاکٹر شعیب سڈل صدر شہر اقبال فورم نے مہمان خصوصی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ممتاز مقررین میں ڈاکٹر حمیرا شہباز، سینئر انسٹرکٹر شعبہ فارسی (NUML) اسلام آباد ‘ میاں نعیم جاوید،سابق ضلع ناظم سیالکوٹ، صاحبزادہ شاہ ہیر الٰہی، اسسٹنٹ پروفیسر بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، ظہیر احمد گیلانی سیکرٹری جنرل ایس آئی ایف اور اسحاق نعیم رانا سیکرٹری فنانس ایس آئی ایف شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی سینیٹر ولید اقبال نے اپنے اہم خطاب میں قیام پاکستان کیلئے علامہ محمد اقبالؒکی غیر مثالی کوششوں کی تعریف کی۔ مہمان خصوصی نے کلام اور پیغامِ اقبال کو اسلامی تعلیمات کے مطابق قرار دیتے ہوئے اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے پر زور دیا کیونکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی پیغام اقبال پر عمل سے ہی ممکن ہے۔

ڈاکٹر شعیب سڈل نے اپنے خطاب میں سینیٹر ولید اقبال اور مہمانوں کو والہانہ خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار کی منفرد بات یہ ہے کہ عظیم فلسفی شاعر کا پوتا مہمان خصوصی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر ولید اقبال نے بطور مہمان خصوصی پریسٹن یونیورسٹی اور شہر اقبال فورم کی عزت افزائی کی ہے۔ڈاکٹر شعیب سڈل نے بھی اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبالؒ کی قیام پاکستان کے لئے کوششوں کی تعریف کرکے عظیم فلسفی شاعر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کی شاعری کے مرکزی پیغام اور انفرادی اصلاح کے پہلو نمایاں کئے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ان کی تعلیمات پر عمل کرنے پر زور دیا۔دیگر مقررین نے علامہ محمد اقبالؒ کی 81ویں برسی پر شہر اقبال فورم اور پریسٹن یونیورسٹی کی طرف سے سیمینار منعقد کرنے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کی زندگی اور قیام پاکستان کے لئے ان کی کوششوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستان کے تمام مسائل کا حل علامہ محمد اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے کو قرار دیا۔ اس سے پہلے صدر شہر اقبال فورم ڈاکٹر شعیب سڈل اور شرکاء نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں