جنرل الیکٹرک ری نیو ایبل انرجی ہائیڈرو سلوشنز نے پاکستان سے سکالر شپ ایوارڈ جیتنے والے کے ناموں کا اعلان کر دیا

پیر 20 مئی 2019 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) جنرل الیکٹرک ری نیو ایبل انرجی ہائیڈرو سلوشنز (جی ای: این وائے ایس ای) نے پاکستان سے سکالر شپ ایوارڈ جیتنے والے کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ حسام کریم نے جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طالب علم ہیں، گرینوبل، فرانس کے نمایاں اہمیت کے حامل انسٹیٹیوٹ نیشنل پولی ٹیکنک ڈی گرینوبل(آئی این پی) میں ’’ماسٹر ان ہائیڈرالک اینڈ سول انجنئرنگ‘‘ میں مکمل اخراجات پر مبنی سکالر شپ حاصل کی۔

اس موقع پر جو تقریب منعقد ہوئی اس میں ہنری ارگینسن، ڈپٹی ڈائریکٹر گلوبل ہائیڈرو پراجیکٹس ایگزیکیوشن جی ای ڈاکٹر آصف رضا، پرو ریکٹر اکیڈمکس (نسٹ) اور پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانہ کے کلچرل اینڈ کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ تعلیم کے اتاشی سیبیسٹن کارٹیئربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حسام کریم کا تعلق کریم آباد گلگت بلتستان سے ہے، انہیں اسلام آباد، کراچی اور ٹوپی کے ممتاز انجینئرنگ سکولوں سے سلیکشن کے سخت عمل کے بعد منتخب کیا گیا۔

یہ سکالر شپ فرانس میں دو سالہ ماسٹر پروگرام کے سو فیصد اخراجات پر مشتمل ہے جس میں آئی این پی گرینوبل کی ٹیوشن فیس اور سفری و رہائش کے اخراجات اور آر اینڈ ڈی اینڈ انجینئرنگ میں جی ای کی ری نیوایبل انرجی ہائیڈرو فیسلٹیز میں انٹرن شپ شامل ہیں۔ فرانس کے سفارت خانہ نے بھی ویزا کے پراسیس میں مدد دینے اور اس طالب علم کی آسانی کیلئے فرانسیسی زبان مفت پڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

جی ای اپنی سی ایس آر کاوش اور گلوبل ٹیکنالوجی کی مہارت پر گرفت برقرار رکھنے کے حصے کے طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں ورک فورس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔جی ای اسکالر شپ کے علاوہ ایڈوانسڈ ٹریننگ پروگرامز متعارف کرانے کا بھی سوچ رہی ہے جن کی پیشکش پاکستان کے اعلیٰ انجینئرنگ اداروں کو کی جائے گی جن میںجی ای کے ڈیجیٹل پورٹ فولیو اور اپنی مثال آپ آپریشنز اور مینٹی نینس ٹیکنالوجی سمیت ہائیڈرو پاور، انجینئرنگ تھیوری اور پریکٹس دونوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ یہ انسٹیٹیوٹ جنوب مشرقی فرانس کے علاقے Auvergne-Rhone-Alpes میں واقع ہے اور ہائیڈرو پاور پر اصرار کے ساتھ انرجی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں پیش پیش رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں