اسلامی یونیورسٹی اور ترکی کی کمہوریت یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ

اساتذہ و طلباء کے تبادلوں، دو طرفہ اشتراک سے تدریسی منصوبوں کے اجراء پر اتفاق

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور ترکی کی کمہوریت یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں جس کے مطابق دونوں جامعات طلباء و اساتذہ کے تبادلوں ، تدریسی اشتراک کے منصوبوں اور تدریسی معیار کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔ اس حوالے سے ایک تقریب اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں منعقد ہو ئی۔

باہمی تعاون کی یادداشت پر ترک یونیورسٹی کے وائس ریکٹر ڈاکٹرعنال کیلچ جبکہ اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ترک جامعہ کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ ڈاکٹر علی عکسو ، نائب صدور جامعہ ڈاکٹر محمد منیر اور ڈاکٹر اقدس نوید ملک ،ڈائریکٹر انتظامیہ خالد محمود راجہ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معاہدے کی رو سے دونوں جامعات انجینئرنگ ، سوشل سائنسز اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر کئی ایک شعبوں میں باہمی تعاون کے منصوبوں کا اجراء کریں گی اور دو طرفہ اشتراک سے کانفرنسزاور سیمینار کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔ دریں اثنا ترک وفد نے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سے بھی ملاقات کی جہاں باہمی دلچسپی کے امور و دو طرفہ تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقعوں کو دوگنا کرنے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ترک جامعہ کے نائب ریکٹر نے بتایا یہ معاہدہ ترکی حکومت کے ایرسموس پراجیکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 60 سے زائد طلباء ان کی جامعہ کی 18 فیکلٹیز میں زیر تعلیم ہیں۔ ڈاکٹر معصوم نے وفد کو جامعہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مسلم دنیا کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر تدریسی معیار کی بلندی کے لیے ایک باقاعدہ روڈ میپ وضع کرنا چاہیے۔

انہوں نے معاہدہ کے تحت دونوں جامعات کے مابین وفود کے تبادلوں کے اقدم کو بھی سراہا۔ ترک وفد نے جامعہ کے نائب صدور اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں جامعات کے نمائندوں نے یونیورسٹیوں کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ ترک وفد نے جامعہ کے سینٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس اینڈ فوٹوولٹائک انجینئرنگ ، شیخ سلمان بن عبداللہ سنٹر اور مرکزی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور جامعہ میں طلباء کو حاصل سہولیات کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں