بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں میں تصادم‘ چھ طلباء زخمی‘ ایک طالب علم جاں بحق

جمعرات 12 دسمبر 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں چھ طلباء زخمی ہو گئے جبکہ ایک طالب علم جاں بحق ہو گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں دو طلبا گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں چھ طلبا زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے مطابق ایک طالب علم زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ہے۔

زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے طالب علم کی میت کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ایس پی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ایس پی آئی نائن زون زبیر احمد شیخ یونیورسٹی انتظامیہ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں تاہم اس وقت حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سجاد عباسی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا گیا کہ اسلامی جمعیت طلباء کے زیر اہتمام بین الاقوامی یونیورسٹی میں ایکسپو اور احباب سے ملاقات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس پر ایک طلباء تنظیم کے طلباء کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس تقریب میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ بطور مہمان خصوصی مدعو تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے طالب علموں میں معراج خٹک، محمد اسامہ، جمال چیمہ، معاذ سعید، فیصل اور عرفان شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں