نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) کے ایڈوانسڈ سٹڈی اینڈ ریسرچ بورڈ کا 9واں اجلاس

ایڈوانسڈ سٹڈی اینڈ ریسرچ کے شعبوں میں پوسٹ گریجویشن کے جدید کورسز کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 27 جنوری 2020 18:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) کے ایڈوانسڈ سٹڈی اینڈ ریسرچ بورڈ کا 9واں اجلاس آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران ایڈوانسڈ سٹڈی اینڈ ریسرچ کے شعبوں میں پوسٹ گریجویشن کے جدید کورسز کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم کر رہے تھے جبکہ آرمی میڈیکل کالج کے پرنسپل کمانڈنٹ اے ایف آئی پی، کمانڈنٹ اے ایف آئی ڈی، ڈائریکٹر اکیڈمیہ، ڈائریکٹر ریسرچ، ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس اور اناٹومی سائیکالوجی، بائیو کیمسٹری، فارماکالوجی، کمیونٹی میڈیسن، مائیکرو بیالوجی، سوشل سائنسز کے سربراہان اور ڈینٹل سائنسز کے ڈین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ نمز کے مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی، ایم فل، ایم ایس، ایم ایس سی، ڈپلومہ، سرٹیفکیٹ، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی ایس نرسنگ (جنرک) اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں بی ایس کورسز (لیب ٹیکنالوجی، کارڈیک پرفیوژن ٹیکنالوجی، میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، جینٹکس اور مائیکرو بیالوجی) جیسے 32 تدریسی پروگرام کرائے جا رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈہ آئٹمز زیر بحث آئے۔ اجلاس میں نظرثانی شدہ پوسٹ گریجویٹ پالیسیوں کے تدریسی اور امتحانی پہلوئوں کی ایچ ای سی سے تصدیق، ہیلتھ پروفیشنل ایجوکیشن (ایم ایچ پی ای) میں ماسٹر کا نصاب، ایم فل ڈینٹل پبلک ہیلتھ کیلئے نصاب اور ایم ایس فوٹو کیمسٹری اور نیچرل ہیلتھ کیلئے نصاب پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور منظوری دی گئی۔

فارماکالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے دو ریسرچ سکالرز ڈاکٹر مدثر نور اور ڈاکٹر عثمان نواز جو کامیابی سے اپنے تحقیقی مقالہ جات کا ملکی اور غیر ملکی تجزیہ کاروں کے سامنے دفاع کر چکے ہیں، کو نمز کی جانب سے ڈاکٹوریٹ کی ڈگری دینے کی منظوری دی گئی جبکہ پتھالوجی کے مختلف شعبوں میں 8 پی ایچ ڈی سکالرز کی پراگریس رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ ایڈوانسڈ سٹڈی اینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاس میں 8ویں بورڈ اجلاس کی پراگریس رپورٹ اور عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وائس چانسلر نمز لیفٹیننٹ جنرل(ر) پروفیسر سیّد محمد عمران مجید نے بین الاقوامی تقاضوں اور روزگار کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الضابطہ اور بین المذاہب تعلیمی پروگرام کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں