ایچ ای سی آن لائن کلاسز کے حوالے سے جامعات کی استعداد کار کا جائزہ لے گا: چیئرمین ایچ ای سی

بدھ 1 اپریل 2020 00:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) کچھ جامعات میں آن لائن کلاسز سے متعلق شکایات کے پیش نظر اعلٰی تعلیمی کمیشن نے متعلقہ کورسزکی تفصیلی معلومات طلب کر لی ہیں تاکہ کورسز کے مشمولات، اُن کی طلباء تک ترسیل اور ربط (کنیکٹیوٹی)کے معاملات کو پرکھا جاسکے۔چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے کہا ہے کہ اگراعلٰی معیارکے آن لائن کورسزکی فراہمی کے حوالے سے کسی یونیورسٹی کی استعدادکار کم ہے تو اس کواس وقت تک ایسے لیکچرز کی فراہمی سے روک دیا جائے گاجب تک کہ وہ مطلوبہ شرائط کو پورا نہیں کر پاتی۔

ایچ ای سی عالمی وباء کووڈ19سے پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جامعات کی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اُن شعبہ جات کی شناخت کی جاسکے جن میں جامعات کو معاونت درکار ہوسکتی ہے تاکہ تعلیمی حرج کو کم سے کم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

مختلف تناظر کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ تاہم یہ واضح ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ معیار تعلیم کسی بھی صورت خراب نہیں ہونا چاہیئے۔

اگر 31مئی کے بعد بھی نقل و حرکت کی پابندیاں جاری رہتی ہیں تو تمام جامعات کو آن لائن کورسز کا طریقہ کار اپنانا ہو گا۔ ’’یکدم آغاز‘‘ سے پیداہونے والے انتظامی مسائل سے بچنے کے لیے ایچ ای سی نے ڈیجیٹل طور پر مستحکم جامعات کواُن کی تیاری کے مطابق آن لائن کورسز کے اجراء کی اجازت دے دی ہے۔تاہم انہیں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ معیار تعلیم متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔

اگر کسی یونیورسٹی کو اپنا لرننگ مینجمنٹ سسٹم قائم کرنے کے لیے وقت درکار ہے تو وہ 31مئی تک یہ کام سرانجام دے سکتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایچ ای سی لاک ڈائون کے تعلیمی سرگرمیوں پر اثرات کو کم کرنے کے لیے جامعات کے ساتھ کام کرتارہا ہے اور اس مقصد کے لیے تین خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو آئی ٹی کی سہولیات، سوفٹ وئیر، تکنیکی معاونت، اور معیاری آن لائن مواد کے سلسلے میں انتظامات میں تعاون فراہم کریں گی۔

اسی اثناء تمام سرکاری جامعات کو مائیکروسوفٹ ٹیمز نام کے سافٹ وئیر تک مفت رسائی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ آن لائن اجلاس وغیرہ منعقد کیے جاسکیں۔ ایچ ای سی اور مائیکروسوفٹ اس پلیٹ فارم کو صحیح طریقے سے متعارف کرانے کے لیے مل کر کام کرتے رہے ہیں۔ ایچ ای سی نے سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے والے خدشات کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کر لی ہیں۔

انٹرنیٹ تک رسائی کے معاملات سے متعلق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں اور سوفٹ وئیر ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے۔ اسی طرح جامعات کو آن لائن انسٹرکشن کی بہترین مشقوں کو اپنانے کے حوالے سے فیکلٹی اراکین کی تربیت کا اہتمام کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ ایچ ای سی کی کووڈ19ٹیکنالوجی اسپورٹ کمیٹی نے جامعات کی سینیئر قیادت کی معاونت کے لیے ایک رہنمادستاویز (گائیڈینس پیپر) تیار کر لیا ہے تاکہ ورچوئل انسٹرکشن کی طرف منتقلی کے عمل کو آسان بنایا جاسکے۔

یہ پیپرجامعات کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے انتخاب سے متعلق ٹیکنالوجی کی کم ازکم ضروریات اور سفارشات فراہم کرتاہے۔ جامعات کو یہ بات یقینی بنانے کو کہا گیا ہے کہ ان کا ہر فیکلٹی رُکن آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے اپنا کورس یا مطالعاتی مواد اپنے طلباء کو آن لائن فراہم کرے ۔ ایچ ای سی بھی جامعات سے معلومات اور ڈاٹا حاصل کر رہا ہے تاکہ ایک قومی علمی بینک یعنی آن لائن کورسز اور تعلیمی مواد کا ذخیرہ ترتیب دیا جاسکے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں