نیوٹیک نے سی پیک کے مختلف منصوبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملک بھر سے بہترین ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل اداروں کو اپ گریڈ کرنے کا آغاز کردیا

پاک چین دوستی سی پیک کے تحت سماجی و معاشی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئی ہے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی چینی سفیر ژاؤ جنگ سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 13 اگست 2020 19:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) پاک چین راہداری منصوبے (سی پیک) کے مختلف منصوبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے ملک بھر سے بہترین ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل اداروں کو اپ گریڈ کرنے کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس مقصد کے لئے چین پاکستان کے 50 ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اداروں میں سمارٹ کلاس روم قائم کرنے کے لئے 650 ملین روپے کی لاگت کا جدید ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کا ساز و سامان فراہم کردیا ہے۔

اس حوالے سے جمعرات کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر یر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی چینی سفیر ژاؤ جنگ سے ملاقات ہوئی جس کی دوران پاکستان اور چین کی مابین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ شعبے میں مزید تعاون کے حوالوں سے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی سی پیک کے تحت سماجی و معاشی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئی ہے۔

اجلاس میں چینی سفیر یاؤ جنگ کی سربراہی میں 11 رکنی چینی وفد پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہہ اکرم، چیئرمین نیوٹیک سیّد جاوید حسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے گہرا دوست ہے جس نے ہر مرحلے میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر میں تعاون سے ہمیں سی پیک کے ایم ایل ون سمیت مختلف میگا پروجیکٹس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے اور انھیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور اعلیٰ تربیت دینے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نیوٹیک جو کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کا ادارہ وفاقی ہے اور سی پیک سماجی و معاشی ورکنگ گروپ کاممبر بھی ہے۔ چینی کمپنیوں اور سی پیک اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کریگا تاکہ مختلف منصوبوں کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے چینی وفد کو نیوٹیک کے زیر نگرانی ملک کے سب سے بڑے اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام ’’ہنرمندپاکستان‘‘ کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس کے تحت ملک بھر کے لاکھوں نوجوانوں کو ہائی اینڈ ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

جس میں آرٹیفیشل انٹلیجنس، آٹومشین،کلاؤڈ کمپیوٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روایتی فنون جن میں پلمبنگ،الیکٹریشن شامل ہیں وغیرہ میں بھی ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ شفقت محمود نے بتایا کہ ملک میں پہلی بار ایک یکساں سرٹیفکیشن کو یقینی بنانے کے لئے ایک قومی ایکریڈیشن کونسل قائم کی جا رہی ہے جس سے پاکستانی سرٹیفکیٹ کی نہ صرف مقامی بلکہ بین الااقوامی مارکیٹ میں بھی شناخت ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے شعبے میں بین الااقوامی روابطہ قائم کررہے ہیں جس سے مختلف ممالک کے تجربات سے سیکھنے میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ ہم چین کے تعاون پر شکر گزار ہیں اور پاکستان کے سکل ڈیویلپمنٹ سیکٹر کی ترقی کے لئے مختلف مشترکہ پروگرام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے کورونا وائرس کے کامیاب کنٹرول اور روک تھام پر حکومت کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کو اس سے پاکستان کے لئے معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی لیکن مجھے یقین ہے کہ پاکستان اس وبا پر کامیابی سے قابو پا لے گا۔ انھوں نے حکومت کے انسانی وسائل کی ترقی کے لئے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں سمیت مقامی مثلاً صنعتوں شپنگ اور کنسٹرکشن کو فروغ دینے کے اقدامات کو سراہا۔ چینی سفیر نے کہا کہ ساری چینی کمپنیاں گوادر میں سرمایہ کاری کی منتظر ہیں جس سے پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لئے جلد ہی ہزاروں ملازمتیں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا سی پیک منصوبوں کو درکار افرادی قوت کا نوے فیصد حصہ مقامی افرادی قوت پر مشتمل ہوگا۔ ایک چینی انجینئر کے ساتھ تین پاکستان انجینئرز منسلک ہونگے۔ اس سلسلے میں ہم جلد انجینئرز کی ٹریننگ کے لئے مشترکہ سکالرشپ پروگرام شروع کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے اختتام پر پاکستان میں 20 ہزار نوجوانوں کے لئے سکالرشپ پروگرامز اور1500 شارٹ ٹرم انٹرنشپ پروگرام شروع کردیئے جائیں گے۔

سی پیک کے حوالے سے ٹی ویٹ سیکٹر میں تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے اور جلد ہی ملک کے دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے ایگریکلچر سیکٹر کے حوالے سے مختلف تربیتی پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت گوادر میں نیشنل ووکیشنل انسٹیوٹ زیر تعمیر ہے اور دوسرا ادارہ بھی جلد قائم کردیا جائے گا۔ نیوٹیک کے چیئرمین سید جاوید حسن نے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ شعبے میں چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے ملک میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔

جس سے پاکستان کے ٹی ویٹ سیکٹر کو فروغ ملے گا۔ 650 ملین لاگت کے اس منصوبے کے تحت سپیشل اکنا مک زون اور ملک کے مشہور ٹی ویٹ اداروں میں 50 سمارٹ کلاس رومز قائم کے جائیں گے جس سے سالانہ 50 ہزار نوجوان لڑکے اور لڑکیاں مستفید ہوں گے۔ مزیدیہ کہ اس اقدام کے تحت500 روایتی کلاس رومز کے لئے بھی سامان مہیا کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کے تحت ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے نصاب کو سی پیک کی ضروریات کے مطابق لایا جائے گا۔ جس سے پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کو مختلف سی پیک منصوبوں میں روزگار کے حصول میں آسانی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں