ہائیرایجوکیشن کمیشن کا طلباء کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات کا نوٹس

بدھ 27 جنوری 2021 22:19

اسلام آباد۔27جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27جنوری2021ء) :ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے کچھ جامعات کے طلباء کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات کہ امتحانات آن لائن منعقدکئے جائیں، کا نوٹس لیا ہے، کورونا وبا اور یکم فروری 2021سے جامعات کھلنے سے متعلق مشکلات کے پیش نظر تمام صوبہ جات اور علاقوں سے وائس چانسلر حضرات کی مشاورت سے طلباء کے خدشات کا بغور جائزہ لیا گیا۔

امتحانات کے حوالے سے ایچ ای سی کی رہنمائی اس لنک  http://www.hec.gov.pk/english/HECAnnouncements/Documents/nCoVirus/Assessmens-Examinations.pdf  پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ اس پالیسی میں ایچ ای سی نے پہلے ہی جامعات کو امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی صوابدید کو بروئے کار لانے کی اجازت دی ہے، یعنی جامعات آن کیمپس یا آن لائن امتحانات میں سے جس طرز پر طلباء کی کارکردگی کو منصفانہ طور پر پرکھ سکتی ہیں اختیار کریں۔

(جاری ہے)

  جامعات اپنی  ”امتحان کے انعقاد کی تیاری(Exam Readiness)“  یعنی تکنیکی تیاری، انتظامی استعداد، اورمشتہر پالیسی کا خیال رکھیں اور طلباء کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ممکنہ طور پر بہترین طرز کا انتخاب کریں۔ آن لائن امتحانات کے انعقاد کی صورت میں  جامعات یا تو  ’اوپن بُک امتحان‘  منعقد کرسکتی ہیں،یا پھر ایسے امتحانی ماحول جس میں  طلباء کی نگرانی ممکن ہو امتحان کا انعقاد کر سکتی ہیں۔

اس طرز میں جامعات کو Turnitinسافٹ ویئر کا استعمال بھی کرنا ہو گا تاکہ ویب پر موجود مواد اور طلباء کے جوابات میں باہم مماثلت کو پرکھا جاسکے۔ مزید یہ کہ جہاں ضروری ہو امتحانی عمل میں وائیوا (Viva)یا زبانی امتحان کو بھی شامل کیا جاسکتاہے۔ آن کیمپس امتحان کا انعقاد کورونا سے بچاؤ کی تمام حفاظتی تدابیرپر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

اگر طلباء اپنے کورس کی تکمیل میں کمی محسوس کریں تو اس صورت میں جامعات کی طرف سے اُن کے لیے دو ہفتوں پر مشتمل میک اپ کلاسز (Make-up Classes)کا انعقاد کیا جاسکتا ہے۔ وہ کورسز جن میں طلباء کی سائیکوموٹر (Psychomotor)صلاحیتوں کی ضرورت ہوتی ہے جیسے میڈیسن، انجینئرنگ، اور لیبارٹری یا اسٹوڈیو سے متعلق مضامین کے امتحانات کیمپس میں ہی کرانا لازمی ہے۔

ایک کورس کے تمام طلباء کا امتحان ایک ہی طرز یعنی یا آن لائن یا آن کیمپس پر منعقد کئے جائیں گے۔ 
مارچ 2020سے ایچ ای سی کورونا کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔ ایچ ای سی وباء کے باعث  تعلیمی نقصان کو کم سے کم کرنے اور معیاری تعلیم کے لوازمات پر عمل درآمد کے ساتھ آن لائن تعلیم کو جاری رکھنے کے لیے جامعات کے ساتھ رابطے میں رہا ہے۔ آن لائن ریڈی نیس  (5= Online Readiness)  اور امتحانات (Assessments and Examinations=6) کے حوالے سے ایچ ای سی کی گائیڈنس(Guidance) ایچ ای سی کی ویب سائیٹ پر موجود ہے جو کہ جامعات کومعیارسے متعلق کم از کم لوازمات مہیا کرتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں