آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے پر اساتذہ کا احتجاج تیسرے روز داخل

پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالی،ی چوک پر لگائی گئی خاردار تاریں اور رکاوٹیں ہٹا دیں، پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی

جمعرات 2 دسمبر 2021 14:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے پر اساتذہ کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ،پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالی،ی چوک پر لگائی گئی خاردار تاریں اور رکاوٹیں ہٹا دیں، پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے اساتذہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کے مطالبات اسمبلی اور میڈیا سمیت ہر فورم پر پہنچائے جائیں گے ،متحدہ اپوزیشن آرڈیننس اورحکومت کے اس اقدام کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے گی ،ملک کے حالات تب ہی ٹھیک ہوں گے جب شفاف انتخابات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوئے تین روز گزر گئے۔

(جاری ہے)

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت تمام اسکولوں میں ہڑتال و بائیکاٹ کرتے ہوئے سیکڑوں اساتذہ و غیر تدریسی ملازمین پریس کلب کے سامنے پہنچے۔انہوں نے پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالی اور ڈی چوک پر لگائی گئی خاردار تاریں اور رکاوٹیں ہٹا دیں۔

اس دوران پولیس اور اساتذہ میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔سیکڑوں ٹیچرز پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچے اور دھرنا دیا۔ ٹیچرز کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، مظاہرین نے کہا کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ بعد ازاں اظہار یکجہتی کیلئے خواجہ آصف بھی اساتذہ کے دھرنا میں پہنچے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اساتذہ کا معاشرے میں بڑا عظمت والا مقام ہے ،آرڈیننس کے ذریعے اساتذہ و تعلیمی اداروں کو ان کے حوالے کیا گیا جن کا تعلیم سے دور تک تعلق نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اساتذہ کے مطالبات اسمبلی اور میڈیا سمیت ہر فورم پر پہنچائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن آرڈیننس اورحکومت کے اس اقدام کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ آج مہنگائی کی آگ میں ملک جل رہا ہے ،عمران خان بانسری بجارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے حالات تب ہی ٹھیک ہوں گے جب شفاف انتخابات ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ لوگ جعلی طریقے سے اقتدار میں آئے ،حکمران اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم ان کی مرضی روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں