اوپن یونیورسٹی : نینو میٹریل ماڈلنگ اینڈ سمولیشن پر بین الاقوامی کانفرنس15دسمبر کو منعقد ہوگی

معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی طلبہ کے تیار کردہ20 پراجیکٹس کے ماڈلز کی نمائش بھی ہوگی

جمعہ 3 دسمبر 2021 00:10

․اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ فزکس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی تعاون سے "نینو میٹریل ماڈلنگ اینڈ سمولیشن" کے موضوع پر دو روزہ چھٹی بین الاقوامی کانفرنس15اور 16۔دسمبر کو منعقد ہوگی۔واضح رہے کہ نینو میٹریل اینڈ سمولیش تحقیق کا جدید ترین شعبہ ہے جسے دنیا کے ہر تحقیقی ادارے نے چھوا ہے۔

اپنی نوعیت کی اس اہم کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی سائنسدانوں ، محققین، سکالرز اور صنعت کاروں کو مدعو کیا گیا ہے۔کانفرنس کا مقصد ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اس قسم کی تحقیق کو بروئے کار لانے کے لئے آگاہی پیدا کرنا ہے۔کانفرنس میں تقریباً 100مقالے پیش کئے جائیں گے جو اسکالرز ، یونیورسٹیوں اور صنعت کاروں کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہونگے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے ریسرچ جرنلز کی اشاعت اور کانفرنس کے انعقاد پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے۔یونیورسٹی فیکلٹی ممبرز کوبہتر کتاب لکھنے اور مقالہ شائع کرانے پر کیش انعامات بھی دیتی ہے اور انہیں اندرون ملک یا بیرون ملک کسی بھی شہر میں منعقد ہونے والی کسی بھی علمی تقریب میں تحقیقی مقالہ پیش کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔

شعبہ فزکس کے چئیرمین ، پروفیسر ڈاکٹر ظفر الیاس کے مطابق یہ کانفرنس ملک میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے اقدامات کے تسلسل کا حصہ ہے۔اس کانفرنس کے دوسرے حصے میں شعبہ فزکس کے ایم ایس سی)فائنل سمسٹر(کے طلبہ کے تیار کردہ پراجیکٹس کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے تیارکردہ معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی 20پراجیکٹس کے ماڈلز پیش کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں