اوپن یونیورسٹی نے اقبال شناسی کی تحریک پر کام کا آغاز کردیا،پروفیسر فتح محمد ملک

منگل 24 مئی 2022 16:13

اوپن یونیورسٹی نے اقبال شناسی کی تحریک پر کام کا آغاز کردیا،پروفیسر فتح محمد ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قائم 'اقبال چیئر 'کے بورڈ آف مینجمنٹ کا پہلا اجلاس گذشتہ روز پروفیسر فتح محمد ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اس اجلاس میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سینئر ایڈوائزر، محمد رفیق طاہر کے علاوہ بورڈ آف مینجمنٹ کے اراکین، اقبال اکیڈمی لاہور کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر بصیراعنبرین، انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین، کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل، ایران سے غلام علی حداد عادل، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی زبانوں اور ادب کی فیکلٹی کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر نجیفہ عارف، اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردوکے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر، شعبہ تاریخ کی استاد، پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان اور ڈاکٹر صفدر رشید شریک تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر فتح محمد ملک نے اقبال شناسی پر کام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اقبال شناسی کو تحریک کے طور پر لیکر کام کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے اقبال فراموشی اور اس کے اسباب و نتائج پر تفصیل سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی جداگانہ مسلمان قومیت کے جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان نسل فکر اقبال سے دور کسی اور سمت گامزن ہیں اور انہیں اقبال کی فکر اور فلسفے سے راہنمائی حاصل کرنے کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد رفیق طاہر نے کہا کہ اقبال فراموشی اور اس کے اسباب و نتائج معلوم ہونے کے بعد ہمیں آگے بڑھنا اور اقبال کو سمجھنے میں بچوں کی دلچسپی بیدار کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اقبال چئیر کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں اقبال پر سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کرکے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو ہی اقبال بنائیں گے۔

پروفیسرڈاکٹر عبدالعزیز ساحر اور پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان نے اقبال کے تناظر میں صوفیا کی تعلیمات، صوفیانہ روایات اور صوفی ادب کے فروغ پر زور دیا۔ایکسی لینس سینٹر برائے سیرت النبیﷺ کے سربراہ، پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹی کے ہر ریجن میں سہ ماہی بنیادوں پر سیرت طیبہ اور صوفی سٹڈیز کے مختلف موضوعات پر لیکچرز کا انعقادکریں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم اس حوالے سے بہت فیاض ہیں اور سنجیدہ عزائم رکھتے ہیں اور انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ آپ کام کرنے والے بنیں، معاشرے کی تعمیر نو کے لئے یونیورسٹی آپ کو کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد کے لئے حسب ضرورت تمام وسائل فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں