علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں سرگودھا یونیورسٹی کی مدد کرے گی، ڈاکٹر ارشاد احمدارشد

جمعرات 8 جون 2023 16:56

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں سرگودھا یونیورسٹی کی مدد کرے گی، ڈاکٹر ارشاد احمدارشد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) سرگودھا یونیورسٹی کے 9رکنی وفد نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے دورے کے دوران یونیورسٹی کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل دیکھ کر سرگودھا یونیورسٹی کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں راہنمائی اور مدد حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفد کی قیادت ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز، ڈاکٹر غلام عباس گوندل کررہے تھے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل بطور خاص ڈیجیٹلائزیشن اور حالیہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جنوبی ایشیا کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کا پورے کا پورا نظام ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے جس سے طلبہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو کافی آسانیاں مل چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ارشاد نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی ہمارے ماڈل کا بھرپور مطالعہ کرے، جہاں ضرورت ہوگی اوپن یونیورسٹی مدد کرے گی، سرگودھا یونیورسٹی کو آن لائن موڈ اپنانا چاہئے جو ان کے لئے آسان اور قابل عمل ہے۔وفد میں ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر محمد الیاس، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر سائرہ اظہر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد بشیرو دیگر شامل تھے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان،آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد لطیف گوندل،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ نبیل، ایڈیشنل ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی ارشد منظور، ڈائریکٹر ایڈمشن سید ضیاء الحسنین نقوی، کنٹرولر امتحانات میاں محمد ریاض و دیگر پرنسپل افسران شامل تھے۔ڈاکٹر غلام عباس گوندل نے بتایا کہ ہم اوپن یونیورسٹی کی ڈیجیٹلائزیشن کے ماڈل کو سمجھنے کے بعد مجاز اتھارٹی کو رپورٹ پیش کریں گے۔وفد کو یونیورسٹی کے آئی ای ٹی، آئی سی ٹی، ڈیٹا سینٹر اور فیسی لیٹیشن سینٹر کا دورہ بھی کرایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں