سپریم کورٹ ، مشعال خان کوقتل کرنے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت

خیبر پختوانخوا پولیس کی رپورٹ غیرتسلی بخش قرار،تمام شواہد تجزیئے کے لئے لاہور فرانزک لیبارٹری بھجوانے اور تحقیقات میں پیش رفت کی رپورٹ طلب

جمعہ 28 اپریل 2017 09:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں توہین مذہب کے الز ام پر مشعال خان کوقتل کرنے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میںخیبر پختوانخوا پولیس کی رپورٹ کوغیرتسلی بخش قراردیتے ہوئے کہاہے کہ عدالت اس موقع پر معاملے کی تحقیقات میں کوئی مداخلت نہیں کرنا چاہتی اس لئے وقت ضائع کئے بغیرتمام شواہد یاموادکو تجزیئے کے لئے لاہور فرانزک لیبارٹری کو بھجوایا جائے ۔

عدالت نے تحقیقات میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ، جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثٓار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوانے صوبائی پولیس کے نمائندے کے ہمراہ عدالت میں رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی ازسرنو تشکیل کر دی گئی ہے اوراب جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی ایم آئی اور ایف آئی اے کو بھی شامل کرلیا گیا ہے انہوں نے مزید بتایاکہ مجموعی طور پراب تک 36 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ،9ملزمان یونیورسٹی کے ملازمین ہیں 4 ملزمان پولیس کے ریمانڈ پرہیں جبکہ 35 حوالات میں بند ہیں ، ان کاکہناتھاکہ 6 ملزمان مجسٹریٹ کے سامنے اپنا اقبالی بیان ریکارڈ کراچکے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں اورعینی شاہدین کی مدد سے مشعال خان کو گولی مارنے والے عمران نامی مرکزی ملزم کی شناخت ہوگئی ہے ،مشعال کو تین گولیاں لگیں اور جائے وقوعہ سے بھی تین گولیوں کے خول برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی مگر مزید وقت ضائع نہ کیا جائے ہرممکن کوشش کی جائے کہ کوئی ثبوت یا شواہد ضائع نہ ہوجائیں تحقیقات کرنا عدالت کا کام نہیں عدالت کو شفاف تحقیقات سے غرض ہے ،عدالت کے استفسارپر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق ثبوت اور شواہد فرانزک تجزیئے کے لئے پشاور بھجوادیئے گئے ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ شواہد لاہور فرانزک لیباٹری بھجوائے جائیں جوملک کاایک نامورادارہ ہے ۔ بعدازاں عدالت نے پیش رفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں