پاکستان ریلویز کا لیول کراسنگز اورسگنل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ سیمنز کی جانب سے پاکستان ریلویز کو جدید ریڈیو ٹیکنالوجی کی پیشکش

جمعہ 28 اپریل 2017 12:21

پاکستان ریلویز کا لیول کراسنگز اورسگنل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ  سیمنز کی جانب سے پاکستان ریلویز کو  جدید ریڈیو ٹیکنالوجی کی پیشکش
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان ریلویز نے لیول کراسنگز اورسگنل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں مختلف تجاویز پر غور کیا جارھا ہے۔زرائع کے مطابق یورپ کی مشہور کمپنی سیمنز کے نمائندوں نے پاکستان ریلویز کو لیول کراسنگز پرسگنلنگ کے نظام کے حوالے سے جدید ریڈیو ٹیکنالوجی کی پیشکش کی ہے۔

کمپنی کے نمائندوں کی طرف سے چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویزمحمدجاویدانور،ر ایڈوائزر انجم پرویز اور انکی ٹیم کو کمپنی کی پراڈکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جا چکی ہے۔جس میں بتایا گیا کہ ریڈیوٹیکنالوجی کے نظام کو بہتر طریقے سے ریلوے لیول کراسنگز پر استعمال کرکے حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔ ایک ریڈیوفریکوینسی کا آلہ لیول کراسنگ پر نصب کیا جائے اور اسی کا ایک ریسور انجن میں ڈرائیور کو زمینی حالات سے قبل از وقت آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ریلوے ٹریک یا کراسنگ پر کسی چیز یاانسانی نقل وحرکت کی تصویر ڈرائیور کو سکرین پر قبل از وقت دے گا۔ریلوے کی ٹیم نے بریفنگ دینے پر سیمنز کمپنی کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔ ایڈوائزرانجم پرویز کا کہنا ہے کہ ریلوے کراسنگزپر حادثات ریلوے انتظامیہ کے لیے انتہائی پریشانی کا باعث ہیں اور ہم جلد از جلد ایسانظام لاناچاہتے ہیں جو ڈرائیور اور ریلوے ٹریک استعمال کرنے والوں کو ٹرین گزرنے کے بارے میں آگاہ کرے۔

یہ نظام ہمارے ڈرائیوروں اور سٹاف کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔ سی پیک میں سگنلنگ کا ایک مربوط نظام پاکستان ریلویز کا حصہ بنایا جائے گافی الحال یہ ریڈیوٹیکنالوجی ہمارے موجودہ مسائل کو کم کرنے میں اہم ثابت ہوگی۔ واضح رھے کہ چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاویدانوراور ایڈوئزر انجم پرویز نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔جو کمپنی کے ساتھ مل کرلیول کراسنگ پر پیش آنے والے مختلف اقسام کے مسائل کا جلدسے جلد حل تلاش کرے گی۔

دریں اثناء ریلوے ٹریکس اور پلوں کی مرمت وبحالی کا کام بھی تیزی سے کیا جارھا ہے۔جبکہ ٹریکس پر نئے سلیپرز بھی بچھائے جارھے ہیں۔ملک بھر میں موجود ٹریکس کو دو رویہ کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ریلوے اسٹیشنوں اور ریل گاڑیوں کی بھی حالت بہتر بنائی جارہی ہے۔جبکہ مسافر ٹرینوں کے علاوہ فریٹ ٹرینوں کو بھی فعال بنایا جارھا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں