نیو ٹی وی کے پروگرام ’’لائیو ود نصر اللہ ملک‘‘ میں شر انگیز الزام تراشی پر پیمراکاچینل کو6مئی 2017؁ء تک جوابدہی کا حکم

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:46

نیو ٹی وی کے پروگرام ’’لائیو ود نصر اللہ ملک‘‘ میں شر انگیز الزام تراشی پر پیمراکاچینل کو6مئی 2017؁ء تک جوابدہی کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) پیمرا نے نجی ٹی وی چینل نیو کے پروگرام ’’لائیو ود نصر اللہ ملک‘‘ میں شر انگیز الزام تراشی پرچینل کو6مئی 2017؁ء تک جوابدہی کا حکم دید یا۔ ہفتہ کو ترجمان پیمر اکیمطابق نیو ٹی وی پر 28اپریل 2017؁ء کورات 11سی12 بجے پروگرام ’’لائیو ود نصر اللہ ملک ‘‘ نشر ہوا ۔ پروگرام کے دوران 11:25بجے ،زید حامد نے منتخب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پر انتہائی شر انگیز الزامات لگائے اور اُن کو دشمن ملک اور اُس کی بد نامِ زمانہ انٹیلیجنس ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا جو کہ ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اورنفرت انگیز تبصرہ ہے ۔

اس کے بعد مذکورہ شخص نے وزیر اعظم پر ایک اور الزام لگایا کہ وہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے قابلِ احترام سربراہ عمران خان کو قتل کروانے کی سازش بھی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے گھنائونے الزاما ت اور شر انگیز الفاظ کا نشر ہونانہ صرف نیشنل ایکشن پلان بلکہ سپریم کورٹ کے نافذ کردہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015؁ء کی شقوں 3(1)(i), 3(1)(k), 4(7)(a), 4(7)(b), 19, 22اور23کی بھی صریحاًً خلاف ورزی ہے۔

لہٰذا بذریعہ اظہارِ وجوہ نوٹس ہٰذانیو ٹی وی سے سات (7)یوم یعنی مؤرخہ6مئی 2017؁ء دوپہر4بجے تک جواب طلب کیا جاتا ہے کہ کیا یہ چینل انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ہے یا جان بوجھ کر نیشنل ایکشن پلان کی صریحاًً خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسے متشددّانہ بیانات نشر کیے گئے ہیں جو پاکستان کے قومی مفاد ات سے متصادم ہیں ۔ چینل انتظامیہ اس بات کی بھی وضاحت کرے کہ کیوں نہ لائسنس ہولڈپر ایسے گھنائونے الزامات اور شر انگیز الفاظ نشر کرنے پر سیکشن 27کے تحت پروگرام’’لائیو ود نصر اللہ ملک‘‘ بندکر دیا جائی یاسیکشن 29 کے تحت’’ نیو ٹی وی‘‘ پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائی یاسیکشن 30 کے تحت’’ نیو ٹی وی ‘‘کا لائسنس معطل /منسوخ کر دیا جائے مزید برآں نیو ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پروگرام کے میزبان(اگر وہ خواہشمند ہے /ہیں) کو اپنے دفاع میں ذاتی شنوائی کیلئے مؤرخہ9مئی 2017؁ء دوپہر12 بجے بُلایا جاتا ہے۔

مقررہ تاریخ تک جواب نہ ملنے اور ذاتی شنوائی پر پیش نے ہونے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کاروائی کرنے کا مجاز ہو گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں