بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے ایک کلو گرام آئس ہیروئن برآمد

جمعرات 22 جون 2017 13:59

بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے ایک کلو گرام آئس ہیروئن برآمد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے ایک کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔اے ایس ایف حکام نے بتایا کہ ہیروئن برآمد ہونے کے بعد تفتیش کے لیے مسافر کو انسداد منشیات فورس کے حوالے کردیا گیا۔حکام نے برآمد کی گئی آئس ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی ہے۔

انسداد منشیات فورس حکام کے مطابق مسافر سعید شاہ کے سامان سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے، جو امیگریشن کانٹر پر مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران برآمد ہوئی۔مسافر سعید شاہ نجی ایئرلائن کی پرواز جی ایف 771 سے بحرین جانے والا تھا اور اس کا تعلق مردان سے بتایا گیا ہے۔اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر کے خلاف منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزم کو تھانہ اے این ایف راولپنڈی منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اے ایس ایف حکام نے ڈان نیوز کو مزید بتایا کہ ایئر پورٹ سے جس بھی مسافر کو تحویل میں لیا جاتا ہے وہ برآمد ہونے والی منشیات سے لاعلمی کا اظہار کرتا ہے تاہم ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم گروہ ہے، جو منشیات بیرون ملک اسمگلنگ کرنا کا کام کر رہا ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی اے ایس ایف نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسقط کے راستے سعودی عرب جانے والی خاتون سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ مئی کے دوران قومی ایئرلائن کی پروازوں سے منشیات کی برآمدگی کے مختلف واقعات سامنے آچکے ہیں جس کے بعد ایئر پورٹس پر پرواز کی روانگی سے قبل چیکنگ کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں