ساحر لودھی کے پروگرام ’عشقِ رمضان‘ میں قائد اعظم کے حوالے سے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کو ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت، مستقبل میں احتیاط برتنے کی تنبیہ

جمعرات 22 جون 2017 18:13

ساحر لودھی کے پروگرام ’عشقِ رمضان‘ میں قائد اعظم کے حوالے سے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کو ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت، مستقبل میں احتیاط برتنے کی تنبیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل ’ٹی وی ون‘کی رمضان ٹرانسمشن ’عشق رمضان‘ میں اینکر ساحر لودھی کی جانب سے بانی ِپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے غیر محتاط گفتگو پر ’ٹی وی ون ‘کی انتظامیہ اور پروگرام کے اینکر ساحر لودھی کو مورخہ 24جون 2017ء بروز ہفتہ ناظرین سے معذرت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چینل انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اس بات کا خاص طور پرذکر کیا جائے کہ یہ معذرت پیمرا کے حکم کی تعمیل میں کی جارہی ہے ۔ مزید برآں ساحر لودھی کی طرف سے معذرت خواہانہ الفاظ کی ادائیگی کے دوران معذرت پر مبنی تحریر بھی سکرین پر دکھائی جائے۔’ٹی وی ون ‘پر مذکورہ پروگرام نشر ہونے کے بعد پیمرا نے ٹی وی ون انتظامیہ کو مورخہ 31مئی 2017ء کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا تھا اور مورخہ 5جون 2017ء کو تحریری جواب داخل کروانے کے علاوہ نمائندے کے ذریعے ذاتی شنوائی کے لئے بھی طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں چینل انتظامیہ کی طرف سے داخل کروائے گئے جواب کا جائزہ لینے اور نمائندے کو سننے کے بعد پیمرا کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ قائد اعظم کے بارے غیر محتاط گفتگو سے چینل انتظامیہ نے پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015ء کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ریگولیٹر نے چینل انتظامیہ کو مستقبل میں ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے مزید برآں ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال بنانے اور اس کی تفصیلات پیمرا کو چودہ روز میں بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے ۔ عدم پیروی کی صورت میں قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں