جنوبی پنجاب کی سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی ترجیح ہے

مسلم لیگ (ن) کی حکومت علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کام جاری رکھے گی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملتان ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 21 اگست 2017 12:33

جنوبی پنجاب کی سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی ترجیح ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے یہ بات ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پیر کو ان سے ملاقات کی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی کے متعلقہ حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی سکیموں پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں کئی ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سکیموں کاآغاز کیا اور وہ مستقبل میں بھی علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کام جاری رکھے گی۔ وزیرا عظم نے اس امر کا اعادہ کیاکہ حکومت جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ واضح مثبت تبدیلی لانے کے لئے تندہی اور ولوے کے ساتھ کام کریں اور عوام بالخصوص معاشرے کے غریب طبقات تک پہنچیں اور ان کے مسائل کے حل میں مدد کریں ۔

ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ سردار سکندر حیات بوسن، وزیر مملکت آبی وسائل سید جاوید علی شاہ، وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عبدالرحمٰن کانجو، ارکان قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر، رانا محمد قاسم نون، محمد رضا حیات ہراج، محمد خان ڈاہا، پیر محمد اسلم بودلہ، چوہدری نذیر احمد، ساجد مہدی، طاہر اقبال چوہدری ،سعید احمد خان منیس اور مسز شاہین شفیق شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد اور دیگر سینئر ارکان بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں