چینی کمپنی اسلام آباد میں افغان سفارتخانہ تعمیر کریگی

افغانی ایمبیسی کمپلیکس دنیا میں سب سے بڑی سفارتی عمارت ہو گی کمپلیکس پر 17ملین ڈالر لاگت آئے گی ، تعمیر دو سال میں مکمل ہو گی سفارتخانے کی عمارت پا ک افغان اچھے تعلقات کی مظہر ہو گی ، افغانی سفیر

پیر 21 اگست 2017 13:12

چینی کمپنی اسلام آباد میں افغان سفارتخانہ تعمیر کریگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) چین کی ایک معروف تعمیراتی کمپنی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفارتخانہ تعمیر کرے گی ، اس کمپلیکس پر 17ملین ڈالر لاگت آئے گی ، اس سلسلے میں گذشتہ روز ڈپلومیٹک انکلیو میں کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں افغانستان کے نائب وزیر خارجہ ناصر احمد اندیشہ ، پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ اور افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اندیشہ نے کہا کہ افغانستان کے نئے سفارتخانے کی عمارت دنیا میں سب سے بڑی سفارتخانے کی عمارت ہو گی جو پاکستان کے ساتھ افغانستان کے اچھے تعلقات کی مظہر ہو گی ۔انہوں نے ایمبیسی کی عمارت کی تعمیر میں چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔افغانستان کے سفیر زاخیل وال نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ کمپلیکس کی تعمیر دو سال میں مکمل ہو جائے گی ، کمپلیکس کی تعمیر چینی کمپنی انہوئی کنسٹرکشن انجنیئرنگ گروپ کررہا ہے ۔گروپ کا کہنا ہے کہ کمپلیکس کی عمارت 23800مربع میٹر پر تعمیر کی جائے گی اور اس میں سفیر کی رہائش گاہ سفارتی عملے کی رہائش گاہیں ، قونصلر سیکشن اور دیگر تمام ضروریات موجود ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں