ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترک سفیر بابر گرگن سے ملاقات میں گفتگو سفیر نے ترک صدر کی جانب سے تہنیتی خط وزیراعظم کو پہنچایا

پیر 21 اگست 2017 13:39

ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو مشترکہ تاریخ ، ایک جیسی اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں ترکی کے سفیر بابر گرگن سے پیر کو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں پاک ترک تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ترک سفیر نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سبنھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

ترک صدر کی جانب سے تہنیتی خط بھی وزیراعظم کو پہنچایا گیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات گذشتہ چار برسوں میں مزید گہرے اور وسعت پذیر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے روابط بالخصوص دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے ترکی کے برادر عوام اور قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترک سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاک ترک تعلقات فروغ پذیر رہیں گے اور اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون اور اشتراک کار آگے بڑھے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں