ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے تیاریوں کی سطح کو مستحکم اور بہتر بنایا جائے، قومی ادارہ برائے صحت کی ہدایت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:02

ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے تیاریوں کی سطح کو مستحکم اور بہتر بنایا جائے، قومی ادارہ برائے صحت کی ہدایت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) قومی ادارہ برائے صحت نے بنیادی صحت سے تعلق رکھنے والے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے تیاریوں کی سطح کو مستحکم اور بہتر بنایا جائے۔ این آئی ایچ کے حکام کے مطابق ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور ماضی کے موسمی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتہائی ضروری ہو گیا ہے کہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کو ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ عوام میں ڈینگی کی حساسیت کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے رپورٹ ہونے والے بخار کے کیسز کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی خاص علامات میں تیز بخار، سر درد، آنکھوں میں درد، ہڈیوں اور جوڑوں کے درد، لاغر پن، قے یا متلی کا آنا، گلے کی سوزش، چھینکنے کی حس متاثر ہونا اور دیگر علامات شامل ہیں۔

اس سلسلے میں عوام میں آگاہی کے ذریعے ہر وقت علاج ممکن ہے لہذا طبی ماہرین کو چاہئے کہ وہ اپنے گردو نواح میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائیں تاکہ ڈینگی سے بچائو ممکن ہو سکے۔ مریض آنے کی صورت میں مریض کی دیکھ بھال میں احتیاط اور علاج معالجہ کے ذریعے اموات کی شرح میں کمی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ڈینگی کے مریضوں کی شرح اموات صرف ایک فیصد ہے۔ بہتر حکمت عملی کے ذریعے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں