سی پیک سے صوبہ بلوچستان کو سب سے زیادہ ترقی اور فائدہ ہو گا، توانائی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے بلوچستان میں معاشی اور سماجی انقلاب آئے گا،نوجوانوں کو روزگار کے بھرپورمواقع میسر آئیں گے،دور جدید میں قوموں کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ صرف تعلیم ہے

وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کاسوئی ملٹری کالج میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:51

سی پیک سے صوبہ بلوچستان کو سب سے زیادہ ترقی اور فائدہ ہو گا، توانائی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے بلوچستان میں معاشی اور سماجی انقلاب آئے گا،نوجوانوں کو روزگار کے بھرپورمواقع میسر آئیں گے،دور جدید میں قوموں کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ صرف تعلیم ہے
اسلام آباد/سوئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہسی پیک سے صوبہ بلوچستان کو سب سے زیادہ ترقی ملے گی اور فائدہ ہو گا، توانائی کے بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے بلوچستان میں معاشی اور سماجی انقلاب آئے گا۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے سوئی ملٹری کالج میں پانچویں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک سے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے بھرپورمواقع میسر آئیں گے اور بلوچستان میں صنعتی ترقی کے رفتار میں اضافہ سے بلوچستان کے عوام کوسماجی اور معاشی ترقی ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی ہے کہ پاکستان اور بلوچستان ترقی کریں۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ویژن صرف انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبے لگانے تک محدود نہیں بلکہ ترقی کے لئے مختلف ترقیاتی اداروں کے بجٹ کو بھی دوگنا کیا گیاہے جس میں سرفہرست ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم تک رسائی یقنی بنانے کیلئے ملک کے مختلف اضلاع میں یونیورسٹیوں کے سب کیمپس بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثر اقدامات اور سیکورٹی فورسز کی وجہ سے بلوچستان میں امن و امان دوبارہ بحال ہوا ہے۔ موجودہ حالات و واقعات افسوسناک ضرور ہیں لیکن ان پر جلد قابو پالینگے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی و سلامتی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوںنے کیڈٹ کالج سوئی کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے بلوچستان کے طلباء کو تعلیم کا اعلیٰ معیار اور ماحول فراہم کیا ۔ انہوںنے کہا کہ تعلیمی اداروں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار اہمیت کا حامل ہے ، دور جدید میں قوموں کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم ہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں تقریباً دس ہزار کلومیٹر کے ہائی ویز کے منصوبے وفاقی حکومت کے تعاون سے جاری کئے گئے جو جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائینگے۔ انہوںنے کہا کہ 1947ء سے لے کر ملک کے بالائی حصوں تک رسائی کے لئے کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے گوادر سے اب تک کوئی معاشی فائدہ نہیںا ٹھاسکے۔ موجودہ حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی گوادر میں مختلف پراجیکٹس پر کام شروع کیا، تین سال کے ریکارڈ مدت میں مختلف منصوبے مکمل کئے۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے گوادر کو دوسرے علاقوں سے ملانے کے لئے نئی سڑکیں تعمیر کیں اور اب گوادر کا کوئٹہ سے فاصلہ دو دن سے کم ہوکر آٹھ گھنٹے تک رہ گیاہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ گوادر رتو ڈیرو ہائی وے کی تکمیل سے بلوچستان اور سندھ کے جنوبی علاقے منسلک ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ویژن 2025ء کے وژن کو لیکر اجتماعی ترقی کی جانب گامزن ہے جس کا مقصد پاکستان کو دنیا کے 20 صف اول کے ممالک میں شامل کرنا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کی معاشی توانائی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ترقی کا اعتراف کررہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے ان منصوبوں کو بھی فنڈز جاری کئے ہیں جو سابقہ ادوار میں صرف فائلوں تک محدود تھے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے عوام اور زمینداروں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے کچھی کینال منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کرکے ایک عظیم منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جس کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا جس سے برسوں سے بنجر پڑے ہوئے علاقے سیراب ہوں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں مشکلات ہونے کے باوجود میں نے ملٹری کالج دورے کا انتخاب کیا جو اس بات کا اعتراف ہے کہ وفاقی حکومت سماجی معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ملٹری کالج سوئی کے پانچویں سالانہ تقریب کے موقع پر طلباء، والدین اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں وفاقی وزیر داخلہ نے تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کیلئے کیڈٹ کالج سوئی میں پودا لگایا اور سوئی کالج کی انتظامیہ کو بلوچستان کے طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی تعریف کی ۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی اور کھیلوں و دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں تمغے ،ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں