سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواستوں پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی

پیر 20 نومبر 2017 18:05

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواستوں پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی تین نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواستوں پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواستوں کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے سینئر وکیل اعظم نذیر تارڑ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت نے خود کہا کہ دو ریفرنسز کے حقائق ایک جیسے ہیں، اسی لیے استدعا میں اب ترمیم کی ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ مماثلت اور ایک جیسے گواہوں والے دو ریفرنسز کو یکجا کر دیا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو وجوہات پر مبنی فیصلہ جاری کرنے کا کہا تھا، احتساب عدالت نے اپنی آسانی دیکھتے ہوئے دوبارہ درخواست خارج کر دی۔ اعظم تارڑ ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست کچھ باتیں فرض کر کے خارج کر دی، احتساب عدالت نے کہا کہ سپلیمنٹری ریفرنس دائر ہوئے تو نئے ملزم سامنے آ سکتے ہیں۔ وقت کی کمی کے باعث اعظم نذیر تارڑ کے دلائل مکمل نہ ہو سکے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اعظم نذیر تارڑ کو دلائل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 23نومبر تک ملتوی کر دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں